QR CodeQR Code

ایم کیو ایم سندھ میں تفریق کی سیاست پر عمل پیرا ہے، وقار مہدی

12 Sep 2019 19:58

اپنے بیان میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ وفاقی حکومت اور اس کے وزیر کراچی کے عوام کے جذبات سے نہ کھلیں، مودی کی طرح کراچی کو غیر قانونی اور آمرانہ ہتھکنڈوں سے فتح کرنے کے خواب چھوڑ دیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے میئر کراچی وسیم اختر کے آرٹیکل 149 (4) کی حمایت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم لندن ہو یا پاکستان، یہ ان کا وطیرہ رہا ہے کہ انہوں نے کبھی کراچی کی عوام کا ساتھ نہیں دیا اور نہ ہی کبھی کراچی کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام کیا ہے، ایم کیو ایم نے ہمیشہ مفاد پرستی کی سیاست کی اور اپنے ووٹروں کو دھوکہ دیا ہے، تین دہائیوں سے ہمیشہ حکومتوں کا آلہ کار بن کر رونے دھونے کے سوا ایم کیو ایم نے کچھ بھی نہیں کیا۔ اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ کراچی کی باشعور عوام جانتی ہے کہ ایم کیو ایم آرٹیکل 149 (4) کی حمایت کرکے سندھ میں تفریق کی سیاست پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کے ایم سی کو نالوں کی صفائی کیلئے 50 کروڑ اور ڈی ایم سی کو 44 کروڑ روپے دیئے، میئر صاحب بتائیں کہ یہ 94 کروڑ کی رقم ایم کیو ایم کے میئر اور چیئرمینوں نے کہاں خرچ کی ہے اور کونسے نالے صاف کئے ہیں۔

وقار مہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی اتحادی تحریک انصاف کے وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ نالے ہم نے کراچی سے چندہ اکٹھا کرکے صاف کئے، جبکہ ان چندوں کا بھی کوئی جواب دینے کو تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی طے کر لے کہ کس نے نالے صاف کئے اور عوام کا پیسہ کس کی جیب میں گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی صوبائی حکومت وفاقی حکومت کی گیڈر بھبکیوں میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور اس کے وزیر کراچی کے عوام کے جذبات سے نہ کھلیں، مودی کی طرح کراچی کو غیر قانونی اور آمرانہ ہتھکنڈوں سے فتح کرنے کے خواب چھوڑ دیں۔


خبر کا کوڈ: 815856

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815856/ایم-کیو-سندھ-میں-تفریق-کی-سیاست-پر-عمل-پیرا-ہے-وقار-مہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org