QR CodeQR Code

کراچی کے کچرے اور گندگی میں تبدیل ہونے سے متعلق سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی وسیم اختر کو نوٹس جاری

12 Sep 2019 22:02

درخواست گزار ارم ریاض احمد ایڈوکیٹ نے مؤقف دیا کہ سندھ حکومت، مئیر کراچی و دیگر ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، شہر میں اب بھی مختلف مقامات پر قربانی کی آلائشیں پڑی ہیں، گندگی کے باعث شہر میں مکھیوں، مچھروں کی بھرمار ہے، گندگی کے باعث شدید تعفن اور پیچیدہ بیماریاں پھیل رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے شہر کراچی کے کچرے اور گندگی میں تبدیل ہونے سے متعلق سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی وسیم اختر کو نوٹس جاری کردیئے۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو شہر کراچی کے کچرے اور گندگی میں تبدیل ہونے سے متعلق صفائی نہ کئے جانے پر خاتون شہری کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار ارم ریاض احمد ایڈوکیٹ نے مؤقف دیا کہ سندھ حکومت، مئیر کراچی و دیگر ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے۔ شہر میں اب بھی مختلف مقامات پر قربانی کی آلائشیں پڑی ہیں، گندگی کے باعث شہر میں مکھیوں، مچھروں کی بھرمار ہے، گندگی کے باعث شدید تعفن اور پیچیدہ بیماریاں پھیل رہی ہیں، شہری کانگو، گلے، پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق سندھ حکومت، مئیر کراچی، کنٹونمنٹ بورڈ کراچی و دیگر کو فوری انتظامات کرنے کی ہدایت دی جائے، حکومت کو صفائی سے متعلق شعوری، آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی جائے، بروقت انتظامات نہ کئے گئے تو شہر مزید سنگین صورتحال اختیار کر جائے گا۔ عدالت نے سیکرٹری بلدیات، مئیر کراچی وسیم اختر، چیئرمین ڈی ایم سیز، کنٹونمنٹ بورڈز و دیگر کو بھی نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے درخواست گزار کو فریقین کے درست پتوں کا اندراج کرنے کی بھی ہدایت کردی۔


خبر کا کوڈ: 815877

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815877/کراچی-کے-کچرے-اور-گندگی-میں-تبدیل-ہونے-سے-متعلق-سیکرٹری-بلدیات-مئیر-وسیم-اختر-کو-نوٹس-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org