0
Thursday 12 Sep 2019 22:10

چہلم امام حسین (ع) سے قبل صوبائی سطح پر سیکیورٹی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، آئی جی سندھ

چہلم امام حسین (ع) سے قبل صوبائی سطح پر سیکیورٹی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، آئی جی سندھ
اسلام ٹائمز۔ سینٹرل پولیس افس کراچی میں آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں یکم تا عاشورہ محرم تکمیل شدہ سیکیورٹی امور و اقدامات کی بابت ڈی بریفنگ اجلاس ہوا اور مذکورہ دنوں میں حفاظتی اقدامات کس طرح انجام دیئے گئے کا جملہ پہلوؤں اور حوالہ جات سے تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر مزید ضروری ہدایات بھی دی گئیں۔ دوران اجلاس محرم کے دنوں میں شہریوں کی عَلَم سے ہونیوالی اموات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے حادثات کو محکمہ داخلہ سندھ، منتظمین محرم الحرام کی باقاعدہ مشاورت اور تعاون سے روکنے جیسے اقدامات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ چہلم حضرت امام حسین (ع) سے قبل سندھ بھر میں سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، جس میں ممکنہ اشتعال انگیز تقاریر/پمفلٹس کی تقسیم، بینرز وغیرہ آویزاں کرنے جیسے عمل کی مؤثر روک تھام کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی ڈپلائمنٹ کی سائیکالوجیکل تربیت، باالخصوص ہنگامی صورتحال مثلاً فائرنگ، بم بلاسٹ یا سنگین نوعیت کے دیگر واقعات پر کنٹرول اورکس طرح کا ردعمل دینا ہے کی بابت بھی ٹرینگ کو لازمی بنایا جائے، مزید برآں جلوسوں کے متبادل روٹس سمیت خصوصاً مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس ڈپلائمنٹ/سیکیورٹی پلان کا ناصرف دوبارہ جائزہ لیا جائے بلکہ بم ڈی فیوزنگ کے لئے دستیاب جدید سہولیات کے استعمال کے ساتھ ساتھ محفوظ ایریاز کا بھی تعین کیا جائے۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا بشمول فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام، واٹس ایپ، اسکائپ، وائبر و دیگر کی مانیٹرنگ کے لئے ڈی آئی جیز کی سطح پر مانیٹرنگ رومز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مذہبی منافرت، شرانگیزی اور دل آزاری جیسے ممکنہ واقعات کی روک تھام اور اس ضمن میں ضروری قانونی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے و قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے مضبوط رابطوں کو بھی ممکن بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے محرم سیکیورٹی اقدامات میں باالخصوص سکھر، لارکانہ پولیس رینج کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور کراچی کی حکمت عملی اور لائحہ عمل کی تعریف کی اور سراہا۔ انہوں نے اس حوالے سے رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی مجموعی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ اجلاس میں شریک ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ولی اللہ دل، ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹرجمیل احمد نے متعلقہ رینج کے مجموعی سیکیورٹی اقدامات پر علیحدہ علیحدہ تفصیلی بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں سندھ بھر کے تمام ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز نے بھی متعلقہ حدود میں امن و امان کی صورتحال سمیت اس ضمن میں پولیس کے جملہ امور کا بھی احاطہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 815878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش