QR CodeQR Code

پی ٹی آئی حکومت آئین کے آرٹیکل (4) 149 پر بھی یوٹرن لے گی، امتیاز احمد شیخ

12 Sep 2019 22:18

اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مجھے حیرانگی ہے کہ آرٹیکل کی غلط انداز سے تشریح کرکے انتشار کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے، وزیراعظم کو اس کے اثرات کے بارے میں سوچنا چاہیئے اور وفاق کو صوبے کے معاملے میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت آرٹیکل (4) 149 کے نفاذ کے شوشے پر بھی بالآخر یو ٹرن لے گی اور اس آرٹیکل کے نفاذ کی آڑ میں سندھ کی منتخب حکومت کو بے اختیار کرنے کی سازش اپنی موت آپ مرجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں قائم اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے حیرانگی ہے کہ آرٹیکل کی غلط انداز سے تشریح کرکے انتشار کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے، وزیراعظم کو اس کے اثرات کے بارے میں سوچنا چاہیئے اور وفاق کو صوبے کے معاملے میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیئے، اس طرح کی مداخلت سے دراصل سازش کے تحت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔

امتیاز شیخ کا مزید کہنا تھا کہ اس شوشے سے سندھ میں لسانی تفریق اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے، پیپلز پارٹی وفاق پاکستان کی تمام اکائیوں کی نمائندہ جماعت اور اتحاد و اتفاق کی علامت ہے، وزیراعظم کو سوچنا چاہیئے کہ وفاق کو صوبے کے ساتھ کون لڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی بہت بہتر ہے اور عاشورہ محرم کی پورے صوبے میں مکمل امن و امان سے تکمیل اس کا ایک واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے اور عوام کی طاقت کے ساتھ سازشوں سے نمٹنا جانتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 815879

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/815879/پی-ٹی-آئی-حکومت-آئین-کے-آرٹیکل-4-149-پر-بھی-یوٹرن-لے-گی-امتیاز-احمد-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org