0
Friday 13 Sep 2019 10:30

سعودی ولی عہد کی ہمشیرہ کو مزدور کو پٹوانے اور پاؤں چومنے پر مجبور کرنے پر 10 ماہ قید کی سزا

سعودی ولی عہد کی ہمشیرہ کو مزدور کو پٹوانے اور پاؤں چومنے پر مجبور کرنے پر 10 ماہ قید کی سزا
اسلام ٹائمز۔ فرانسیسی عدالت نے مزدور کو پٹوانے اور پاؤں چومنے پر مجبور کرنے والی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بہن شہزادی حصہ بنت سلمان کو 10 ماہ قید کی سزا سنا دی۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہزادی حصہ بنت سلمان پر یہ مقدمہ رواں برس جولائی سے چل رہا تھا جبکہ یہ واقعہ 2016ء میں پیش آیا، سعودی شاہ سلمان کی بیٹی اور محمد بن سلمان کی بہن پر یہ الزام تھا کہ انہوں نے اپنے باڈی گارڈ رانی سعیدی کو پلمبر اشرف عید کو پیٹنے کے احکامات دیئے۔ شہزادی حصہ پر ان کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا، 10 ماہ قید کی معطل سزا کے ساتھ ان پر 11 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ 45 سالہ شہزادی ٹرائل کے دوران کبھی عدالت میں پیش نہیں ہوئیں اور انہیں کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی۔

استغاثہ نے چھ ماہ قید اور 5480 ڈالر جرمانے کی درخواست کی تھی، تاہم عدالت نے مزید سخت سزا سنائی۔ خیال رہے کہ یہ واقعہ 2016ء میں اس وقت پیش آیا، جب شہزادی حصہ سیر و تفریح کیلئے پیرس میں ارب پتی شخصیات کے پسندیدہ مقام فوش ایوینیو پر واقع لگژری اپارٹمنٹ میں موجود تھیں۔ اس اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل پر اشرف عید نامی پلمبر کام کر رہا تھا، اچانک اسے پانچویں منزل پر واش بیسن ٹھیک کرنے کیلئے بلایا گیا، اشرف نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ جب وہ بیسن ٹھیک کرنے پہنچا تو اس نے واش روم کی کچھ تصاویر لیں، جو کہ اس کے کام کا حصہ تھا، تاہم شہزادی نے اسے تصویریں لیتے ہوئے دیکھ لیا اور طیش میں آگئی۔ اشرف نے مزید بتایا کہ شہزادی نے اپنے باڈی گارڈ کو بلایا، جس نے اس پر تشدد کیا اور پھر اپنا پاوں چومنے پر مجبور کیا۔
خبر کا کوڈ : 815909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش