0
Friday 13 Sep 2019 16:30

کراچی کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کا جارحانہ حکمت عملی کا فیصلہ

کراچی کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کا جارحانہ حکمت عملی کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاق کی جانب سے آئینی طریقہ کار کے تحت کراچی کو اپنے کنٹرول میں لینے کی ممکنہ اطلاعات سامنے آنے کے بعد اس معاملے کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاق کے اس ممکنہ اقدام کے خلاف ’’کراچی بچاؤ ۔۔۔۔۔ سندھ بچاؤ۔۔۔۔کراچی سندھ کا حصہ ہے ۔۔۔۔ مرسوں مرسوں ۔۔۔۔۔ سندھ کا دارالخلافہ کراچی نہ ڈیسوں کے نعرے ‘‘ کے تحت تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف عوامی رابطہ مہم و احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے اس ممکنہ اقدام کے خلاف پارلیمنٹ و سندھ اسمبلی میں احتجاج سمیت سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ حکومت کے امور میں مداخلت سمیت کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے کی اطلاعات خصوصاً وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے حالیہ بیان کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس معاملے پر تفصیلی مشاورت کی ہے۔

پارٹی کے قانونی ماہرین کو اس معاملے پر آئینی اور قانونی آپشنز اختیار کرنے کیلئے ہدایت کر دی ہے، اگر وفاقی حکومت کراچی کو اپنے کنٹرول میں لینے کیلئے آئین کے آرٹیکل 149(4) کا نفاذ کرتی ہے یا اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرتی ہے، تو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بھی فوری عدالت اعظمیٰ سے رجوع کرے گی۔ پیپلز پارٹی نے اس معاملے پر مشترکہ اپوزیشن اتحاد کے علاوہ سندھ کی ہم خیال سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ اس معاملے پر ضرورت پڑنے کے تحت آل پارٹیز کانفرنسز کا وفاق وصوبائی سطح پر انعقاد کرکے آئندہ کی سیاسی و احتجاجی حکمت عملی بنائی جائے گی۔

ایک آپشن کے تحت اس بات پر بھی غور کیا گیا ہے کہ اگر وفاق نے کراچی کو اپنے کنٹرول میں لینے کیلئے کوئی ممکنہ اقدام کیا تو پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کے خلاف عوامی لانگ مارچ یا جے یو آئی (ف) کے اسلام آباد دھرنے میں باضابطہ شرکت کا اعلان بھی کر سکتی ہے۔ پی پی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی وفاق کے اس ممکنہ اقدام کے خلاف سیاسی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے قانونی و آئینی اور قانونی آپشنز بتدریج اختیار کرے گی اور ضرورت پڑنے پر حکمت عملی میں تبدیلی بھی کی جا سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 815994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش