0
Friday 13 Sep 2019 16:53

لاہور، چوہنگ واقعہ کے بعد فریقین میں صلح ہوگئی، شیعہ سنی بھائی بھائی کے نعرے

لاہور، چوہنگ واقعہ کے بعد فریقین میں صلح ہوگئی، شیعہ سنی بھائی بھائی کے نعرے
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے علاقے چوہنگ میں نویں محرم الحرام کے جلوس پر ہونیوالے حملے اور تصادم کے بعد کشیدہ صورتحال ختم ہوگئی۔ مقامی ایم این اے، ایم پی ایز اور پولیس نے فریقین میں صلح کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق نویں محرم الحرام کے جلوس پر تحریک لبیک کے کارکنوں کی جانب سے شبیہ ذوالجناح پر پتھراؤ کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔ اس تصادم میں 10 سے زائد عزادار زخمی بھی ہوگئے تھے۔ عزاداروں نے شبیہ کی توہین کیخلاف ملتان روڈ پر دھرنا دے دیا تھا۔ جس پر علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔ اب ایم این اے ملک کرامت علی کھوکھر، ایم پی اے ملک سرفراز حسین کھوکھر، ایم پی اے ملک اسد علی کھوکھر اور ملک ریاض محمود نے ایس پی صدر احسن سیف اللہ کی موجودگی میں شیعہ سنی عمائدین کی صلح کروا دی ہے۔

اس موقع پر شیعہ سنی عمائدین کیساتھ ساتھ اہل علاقہ اور معززین علاقہ کی بھی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر فریقین نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر آئندہ پُرامن طریقے سے رہنے کا عہد کیا۔ فریقین نے امن معاہدہ بھی کیا، جس پر اہلسنت کی جانب سے میاں لطیف احمد، چودھری محمد اقبال گجر، ملک عاشق حسین اور راؤ محمد اقبال نے جبکہ اہل تشیع کی جانب سے سید صابر حسین شاہ، سید ابرار حسین شاہ، سید اقبال حسین شاہ اور ملک قربان علی نے دستخط کئے۔ معاہدے میں طے پایا کہ آئندہ جلوس سے قبل اس کی حدود و قیود کا تعین فریقین مل کر باہمی رضا مندی سے کریں گے۔ معاہدے میں طے پایا کہ آئندہ کوئی بھی فریق ایک دوسرے کی دل آزاری نہیں کرے گا۔ امن معاہدہ ہونے پر اہل علاقہ نے مسرت کا اظہار کیا اور اس موقع پر لاہور پولیس کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر شیعہ سنی بھائی بھائی کے نعرے بھی لگائے گئے۔
خبر کا کوڈ : 815996
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش