QR CodeQR Code

کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے ہر مسلمان اٹھ کھڑا ہوا ہے، طاہر اشرفی

13 Sep 2019 17:30

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر او آئی سی سربراہ اجلاس طلب کریں تاکہ اس افسوسناک صورتحال کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل نے جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر و فلسطین منایا۔ اس حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی یو سی حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کی انتہا پسند قیادت دنیا کو بدامنی کی جانب دھکیل رہی ہے، ہم نہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم کرتے ہیں نہ فلسطین میں یہودی بستیوں کو قبول کرتے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا اردن کی پٹی کو اسرائیل میں شامل کرنے کا اعلان مضحکہ خیز ہے، یہ امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا اگر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی گئی تو مشرق وسطیٰ میں نئی آگ بھڑک اٹھے گی جس کے لپیٹ سے اسرائیل سمیت ساری دنیا آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے پوری امت مسلمہ  متحد ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹایا جائے اور مظلوم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے، بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پوری دنیا کے امن سے کھیل رہے ہیں، ان کے عزائم اور ناجائز اقدامات نے پوری امت مسلمہ میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے ہر مسلمان اٹھ کھڑا ہوا ہے اور وہ اپنے مظلوم کشمیریوں و فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے فلسطینی قوم کے زخموں پر مرہم رکھا، امہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے گی۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر او آئی سی سربراہ اجلاس طلب کریں تاکہ اس افسوسناک صورتحال کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔


خبر کا کوڈ: 816007

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816007/کشمیر-اور-فلسطین-کی-ا-زادی-کیلئے-ہر-مسلمان-اٹھ-کھڑا-ہوا-ہے-طاہر-اشرفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org