0
Friday 13 Sep 2019 18:33

مودی جان لے کہ کشمیر پر ہونے والے ظلم کا ردعمل آئیگا، وزیراعظم عمران خان

مودی جان لے کہ کشمیر پر ہونے والے ظلم کا ردعمل آئیگا، وزیراعظم عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں پر جو ظلم ہو رہا ہے اس سے انتہاپسندی بڑھے گی اور کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کا ردعمل آئے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی کے خلاف مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 40 روز سے کشمیری کرفیو میں پھنسے ہوئے ہیں، نریندر مودی جس میں انسانیت ہو وہ کبھی عورتوں اور بچوں پر ظلم نہیں کر سکتا تاہم مودی کبھی اپنے ارادے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ساری دنیا میں کشمیر کا سفیر بن کر جاؤں گا اور دنیا کو بتاؤں گا، آر ایس ایس کے بانی ہٹلر کو اپنا ہیرو مانتے تھے، آر ایس ایس وہ جماعت ہے جس میں مسلمانوں کے خلاف نفرت بھری ہے، بھارت میں اقلیتوں کو برابر کا شہری نہیں سمجھا جاتا تاہم نریندر مودی تم کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکتے، جس طرح ہٹلر نے ظلم کیا اسی طرح یہ بھی ظلم کر رہے ہیں اور اب وہ ہندوستان بننے جا رہا ہے جو نہ نہرو چاہتا تھا نہ گاندھی چاہتے تھے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 50 سال بعد سلامتی کونسل میں کشمیرکی بات ہوئی، 58 ملکوں نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی، او آئی سی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو ختم کرے، آئندہ ہفتے نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر بات کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے، پوری دنیا کے سوا ارب مسلمان آج کشمیر کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا جہاز گرایا، پائلٹ واپس بھجوانے پر مودی نے کہا دیکھو پاکستان ڈر گیا ہے، مودی کان کھول کر سن لو ایمان والا موت سے نہیں ڈرتا، بھارت کاپائلٹ ڈر کر نہیں امن کے لیے واپس کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر جو ظلم ہو رہا ہے اس سے انتہاپسندی بڑھے گی، ظلم پر ہر انسان ذلت کی زندگی پر موت کو ترجیح دیتا ہے، اگر مجھے اس طرح بند کیا جاتا تو میں اس ظلم کے خلاف لڑتا، جب انسانوں کو دیوار سے لگا دیا جائے تو وہ انتہاپسندی کی طرف جاتے ہیں، آج سوا ارب مسلمان کشمیر کی طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیر پر ہونے والے ظلم کا ردعمل آئے گا، مودی کو اینٹ کا جواب پتھر سے ملے گا، دنیا کو کہتا ہوں کہ ہندوستان کے ہٹلر کو روکے، یہ قوم آخری وقت تک تمہارا مقابلہ کرےگی۔
خبر کا کوڈ : 816014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش