0
Saturday 14 Sep 2019 09:15

بھارت ایک منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، مسعود خان

بھارت ایک منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے یورپین پارلیمنٹ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر بحث کو پارلیمنٹ کے ایجنڈا میں شامل کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو رکوانے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کے زیراہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 17ستمبر کو سٹراسبرگ میں یورپین پارلیمنٹ کے اجلاس میں تنازعہ کشمیر پر کھلی بحث اس بات کا ثبوت ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر یورپین برادری کو سخت تشویش ہے اور وہ اس مسئلہ کا پرامن سیاسی و سفارتی حل چاہتے ہیں۔ کانفرنس سے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے شریک چیئرپرسن رچرڈ کوربیٹ، یورپین پارلیمنٹ کی رکن انتھیا، رکن پارلیمنٹ شفیق محمد، جان ہو ہارتھ، رکن پارلیمنٹ ارینا وان ویز، تھریساگریفین، نوشینا مبارک اور راجہ نجابت حسین نے بھی خطاب کیا۔

صدر آزادکشمیر نے یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کی طرف سے اس ماہ کی 2تاریخ کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بند کمرے میں اجلاس اور پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کی طرف سے اس سال فروری میں اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن کی کشمیر کے بارے میں رپورٹ پر کھلی سماعت کرانے پر یورپین پارلیمنٹ کے ارکان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ کے ان اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں اور انسانیت سوز مظالم کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی اور شعور اجاگر کرنے میں بڑی مدد ملی ہے جس پر کشمیری عوام یورپین پارلیمنٹ کے شکر گزار ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کے ساتھ تجارت سمیت ہر قسم کے تعلقات کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری اور کشمیری عوام کے بنیادی حق، حق خودارادیت کے ساتھ مشروط کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت ایک منصوبہ بندی کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور اگر بھارت کے خلاف عالمی سطح پر فوری اقدامات نہ اٹھائے گے تو وہاں ایک بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرینڈز آف کشمیر گروپ کے شریک چیئرمین رچرڈ کوربیٹ نے مطالبہ کیا کہ بھارت کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، تجارتی پابندیاں لگانے کے علاوہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد پر سفری پابندیاں بھی عائد کی جائیں۔ فرینڈز آف کشمیر گروپ نے مسئلہ کشمیر کے سیاسی و سفارتی حل کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لینے کے علاوہ گروپ کی طرف سے دورہ آزادکشمیر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم دورے کے دوران وفد کے ارکان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے تنگ آ کر آزادکشمیر میں پناہ لینے والے مہاجرین، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثر ہونے والوں اور ان لوگوں سے ملنے کا موقع ملا جن کے عزیز و اقارب بھارتی فوج کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 816076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے