QR CodeQR Code

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ

14 Sep 2019 11:32

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا۔ بھارت کی اس اشتعال انگیزی سے 33 سالہ حولدار ناصر حسین شہید ہو گئے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے ایک حولدار شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حاجی پیر سیکٹر میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا۔ بھارت کی اس اشتعال انگیزی سے 33 سالہ حولدار ناصر حسین شہید ہو گئے۔ شہید ناصر حسین کا تعلق پنجاب کے علاقے نارووال سے تھا جنہوں نے 16 سال قبل پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ حاجی پیر سیکٹر آزادکشمیر کے ضلع حویلی میں واقع ہے جسے گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی فورسز کی جانب بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ خیال رہے کہ ناصر حسین گزشتہ 3 روز کے دوران حاجی پیر سیکٹر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دوسرے جوان ہیں۔ ان سے قبل سپاہی غلام رسول بھی بھارتی فورسز کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے تھے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے بہاولنگر سے تھا۔ خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ بھارتی اقدام کے بعد ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 816102

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816102/ایل-او-سی-پر-بھارتی-فورسز-کی-بلا-اشتعال-فائرنگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org