0
Saturday 14 Sep 2019 12:24

وفاق پاکستان کو تباہ کرنیوالے حکمرانوں بنگلادیش کو نہیں بھولنا چاہیے، اعجاز ہاشمی

وفاق پاکستان کو تباہ کرنیوالے حکمرانوں بنگلادیش کو نہیں بھولنا چاہیے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران اپوزیشن کے احتجاج نے حکمرانوں کو آئینہ دکھا دیا ہے جو ظلم کی تاریخ رقم کرنے کیساتھ ساتھ وفاق پاکستان اور ملکی سلامتی کی کو نقصان پہنچانے پر تلے ہوئے ہیں۔ وہ کراچی کو قبائلی علاقہ سمجھ کر حکومت صوبائی مختاری کا تصور ختم اور سندھ کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمران سیاسی بصیرت سے تو عاری تھے ہی، اب ان غیر آئینی اقدامات سے ریاستی ادارے تباہی کے راستے پر چل نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس فائز عیسیٰ قاضی کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کے بعد غیر آئینی اقدامات نہ ماننے کے جرم میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان کیخلاف بھی ریفرنس تیار کرنے کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے حواریوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہ کے فرمان کے مطابق حکومت کفر سے تو قائم رہ سکتی ہے مگر ظلم سے نہیں۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر میثاق جمہوریت کے تحت اصلاحات کیلئے اٹھارہویں آئینی ترمیم منظور کرکے صوبائی خود مختاری سے ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو گیا تھا مگر نادیدہ قوتیں پھر سیاست میں مداخلت کیلئے میدان میں آگئی ہیں اور سیاست کا دھارا اپنے حق میں رکھنے کے چکر میں بونے سیاستدان تیار کرنا شروع کر دیئے ہیں، جنہوں نے پنجاب کی فتح کے بعد اب سندھ کی فتح کیلئے میڈیا کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے تحت غیر آئینی اقدامات بھی تجویز کیے جا رہے ہیں اگر ایسا کیا گیا یا تو خدشہ ہے کہ کہ وفاق پاکستان کمزور ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ پیپلز پارٹی یا کسی دوسری جماعت کو کو تباہ کرنے میں اسے تقسیم کرنے میں اور گروپ بندی پیدا کرنے میں نادیدہ قوت کامیاب ہو جائیں لیکن ملک کی سلامتی اور وفاقی قانون کو شدید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کبھی بھی سیاسی جماعت نہیں رہی، یہ فاشسٹ گروپ ہے جس نے ہمیشہ بھتہ خوری کی سیاست کرکے پاکستان کے اندر فسادات پیدا کئے اور آج اسی جماعت کے وزیر قانون فروغ نسیم کراچی کو قبائلی علاقہ بنانے کی غیر آئینی مشورے دے رہے ہیں۔ جس پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ وفاق پاکستان کو تباہ کرنیوالے حکمرانوں بنگلادیش کو نہیں بھولنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 816120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش