0
Saturday 14 Sep 2019 21:45

حمزہ بن لادن کی ہلاکت سے القاعدہ کی کمر توڑ دی ہے، ٹرمپ

حمزہ بن لادن کی ہلاکت سے القاعدہ کی کمر توڑ دی ہے، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک افغان سرحد کے قریب انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے اور نامزد وارث حمزہ بن لادن کی موت کی تصدیق کردی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس سے حمزہ بن لادن کی ہلاکت سے متعلق متضاد خبریں گردش کررہی تھیں۔ خبررساں ادارے اےایف پی کے مطابق امریکی میڈیا نے جولائی اواخر اور اگست کے اوائل میں خفیہ ایجنسی کے حکام کا حوالہ دے کر رپورٹ دی تھی کہ 2 برس قبل دوران آپریشن حمزہ بن لادن ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر سینئر حکام نے عوامی سطح پر اس کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا تھا۔ اس وقت جب ڈونلڈ ٹرمپ سے صحافیوں نے پوچھا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ میں اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔
 
وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک افغان سرحد پر امریکی انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں القاعدہ کے اعلیٰ عہدیدار اور اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن مارے گئے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ حمزہ بن لادن کی موت سے القاعدہ ناصرف ایک اہم قائدانہ صلاحیت بلکہ والد کے علامتی تعلق سے بھی محروم ہوگئی۔ اعلامیے میں آپریشن سے متعلق وقت کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔ حمزہ بن لادن کو امریکا نے دو سال قبل عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا۔ اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والے خطوط سے یہ واضح ہوا تھا کہ حمزہ ان کا پسندیدہ بیٹا تھا جس نے القاعدہ میں ان کی جگہ لینی تھی۔ امریکا نے یکم مارچ کوحمزہ بن لادن سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ حمزہ بن لادن، القاعدہ کے سربراہ کے طور پر ابھر رہا ہے۔

حالیہ برسوں میں حمزہ کی طرف سے کئی آڈیو اور ویڈیو پیغامات جاری کیے گئے ہیں جن میں اس نے القاعدہ کے جنگجوؤں سے امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں پر اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لیے حملہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حمزہ بن لادن کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ مارچ 2018ء میں ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے سعودی شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ ملک کے بادشاہ کے خلاف لڑائی کی تیاری کریں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ کبھی کبھی حمزہ کو 'جہاد کا ولی عہد' قرار دیا گیا جبکہ انہوں نے مئی 2011ء میں پاکستان میں امریکی فورسز کی جانب سے قتل کیے گئے ان کے والد کا بدلہ لینے کے لیے امریکا اور دیگر ممالک پر حملے کے لیے خصوصی طور پر آڈیو اور ویڈیو پیغامات جاری کیے تھے۔ حمزہ بن لادن کو القاعدہ کے سربراہ ایمن الزواہری کی جانب سے 2015ء میں ایک آڈیو پیغام کے ذریعے متعارف کرایا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 816220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش