QR CodeQR Code

جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کیلئے معاہدہ

15 Sep 2019 00:50

دستخط کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مقبول صدیقی تھے جبکہ وزیر اعلٰی کے مشیر برائے ضم اضلاع اجمل خان وزیر اور صوبائی مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ جنوبی وزیرستان میں موبائل، انٹرنیٹ سروس کی فراہمی سے متعلق مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر لیئے گئے ہیں۔ دہشت گردی و عسکریت پسندی سے متاثرہ جنوبی وزیرستان سمیت دیگر قبائلی علاقوں میں عوام کو موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ 90 ملین ڈالرز مالیت کے معاہدے سے جنوبی وزیرستان کے 411 موضع جات کے لاکھوں عوام موبائل اور انٹرنیٹ سروس سے مستفید ہونگے۔ دستخط کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مقبول صدیقی تھے جبکہ وزیر اعلٰی کے مشیر برائے ضم اضلاع اجمل خان وزیر اور صوبائی مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں کے متعدد دوروں کے دوران عوام کو دیگر بنیادی سہولیات سمیت باہمی روابط کو موثر بنانے کے لئے موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کا اغاز کر دیا گیا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں عوام کو موبائل اور انٹرنیٹ سہولت کی فراہمی مقامی قبائل کا دیرینہ مطالبہ تھا جو اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے جہاں نوجوانوں کو حصول تعلیم میں سہولیات میسر ہونگی، وہاں دیار غیر میں مقیم قبائل کو اپنے خاندان اور رشتہ داروں سے روابط میں بھی آسانی ہو گی۔


خبر کا کوڈ: 816250

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816250/جنوبی-وزیرستان-میں-انٹرنیٹ-سروس-کی-فراہمی-کیلئے-معاہدہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org