QR CodeQR Code

داعش و طالبان کے خطرات کے باوجود پاراچنار میں عشرہ محرم پرامن گزرا، بریگیڈئیر اختر علیم

15 Sep 2019 10:48

قبائلی مشران کے گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئیر کا کہنا تھا کہ عمائدین اور عوام کے تعاون سے تمام مجالس اور جلوسوں کا انعقاد پرامن طریقے سے ہوا۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور علاقے کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں ضلع کرم کے قبائلی عمائدین کے گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر اختر علیم نے کہا کہ اس کے باوجود کہ ضلع کرم میں محرم الحرام کے دوران داعش اور طالبان کی جانب سے تھریٹس ملے تھے، مگر اس کے باوجود قبائلی عمائدین اور عوام کے تعاون سے تمام مجالس اور جلوسوں کا انعقاد پرامن طریقے سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور علاقے کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

حاجی سردار حسین نے خطاب میں کہا کہ ہم بارڈر کے اس پار داعش کے جمع ہونے سے باخبر ہیں، ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ ہر محاذ پر موجود ہوں گے اور ان شاء اللہ پاکستان کی سالمیت کیلئے کسی قسم قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک حسینی کے صدر مولانا یوسف حسین، عمران الدین، ذوالفقار علی بھٹو اور دیگر مقررین نے کہا کہ ضلع کرم میں ترقیاتی کاموں کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ جرگے میں نئے تعینات ہونے والے بریگیڈیئر نجف عباس، کمانڈنگ آفیسر لیفٹننٹ کرنل محمد جاوید، کمانڈنٹ کرم ملیشیا اور دیگر فوجی افسران نے بھی شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 816282

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816282/داعش-طالبان-کے-خطرات-باوجود-پاراچنار-میں-عشرہ-محرم-پرامن-گزرا-بریگیڈئیر-اختر-علیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org