0
Sunday 15 Sep 2019 15:06

جی بی کے عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے فیصلہ کن جنگ کیلئے تیار ہیں، مشتاق ایڈووکیٹ

جی بی کے عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے فیصلہ کن جنگ کیلئے تیار ہیں، مشتاق ایڈووکیٹ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے امیر مشتاق احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پورا گلگت بلتستان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، جی بی کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ بھارتی فوج کو ماربھگانے کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جماعت کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج کشمیر جل رہا ہے، بھارت نے نہتے مسلمان بھائیوں اور بہنوں پر ظلم اور جبر کی انتہا کر دی ہے۔ کشمیر جو پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت اس شہ رگ کو کاٹنے اور پاکستان کو مفلوج کرنے پر تل گیا ہے، آج پورا پاکستان کشمیریوں کی آواز بن کر کراچی سے خیبر اور گوادر سے گلگت بلتستان تک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کشمیری مظلوم مسلمان بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں، ایسے میں جی بی کے غیور مسلمان کشمیر کی آزادی کے لئے بھارت کے ساتھ فیصلہ کن جنگ کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے کشمیر کے ڈوگروں کو لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے مار بھگایا تھا، وقت آنے پر گلگت بلتستان کے غیور مسلمان پاک فوج کے شانہ بشانہ کشمیر کے محاذ پر بھارت کی بزدل فوجوں سے لڑ کر ان کو مار بھگائیں گئے۔

 امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان کا مزید کہنا تھا کہ ماہ ستمبر کے بقیہ دنوں میں جی بی کی تمام جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی نازک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے باہمی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، جماعت اسلامی کے تحت کشمیری بھائی بہنوں سے یکجہتی کے لئے تاجر برادری، دوکاندار اور دیگر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد سے مل کر حکمت عملی طے کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے لوگ گزشتہ چالیس دنوں سے مسلسل بزدل بھارتی فوج کے مسلط کردہ کرفیو کی وجہ سے بچے بوڑھے اور مریض خوراک اور دوائیوں کی کمی کے باعث بے بسی کا شکار ہیں اور کسی بھی وقت کوئی بڑا انسانی المیہ رونما ہو سکتا ہے، ان کے لئے ہر ممکن مدد کیلئے انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی ریڈکراس سے رابطوں کے زریعے امداد پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ایک عظیم الشان کشمیر بچاو ریلی سے خطاب کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 816330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش