0
Sunday 15 Sep 2019 15:20

بلاول بھٹو زرداری کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قاری زوار بہادر

بلاول بھٹو زرداری کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قاری زوار بہادر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے  کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ اقتدار کی ہوس کے پجاری لوگ ملک و قوم کی قیمت پر بھی اقتدار حاصل کرنے کیلئے سب کچھ کر گزرنے کو تیار ہیں، سندھو دیش اور سرائیکی دیش کی بات کرنیوالوں کی سیاست روز اول سے یہی ہے، ان کے بڑوں نے بھی اقتدار کی ہوس کیلئے بنگلہ دیش بنوایا اور ملک کو دولخت کردیا تھا۔ لاہور میں جے یو پی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری زوار بہادر کا کہنا تھا کہ تاریخ شاہد ہے کہ ”ادھر ہم ادھر تم“ کا نعرہ کس نے لگایا تھا؟ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولاد ایسی سوچ کو ہرگز ہرگز پروان نہیں چڑھنے دیں گے، پاکستان بنانے میں ہماری  ماؤں، بہنوں کی عصمتوں، جوانوں اور بوڑھوں کا خون موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے یہ ملک لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر حاصل کیا تھا، آج ہم کسی جاگیردار کی اولاد اور حادثاتی لیڈر کو اپنے ملک کی سالمیت سے ہرگز نہیں کھیلنے دیں گے۔ قاری زوار بہادر کا کہنا تھا کہ یہ ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں کہ کوئی نااہل اُٹھ کر اس کے حصّے بخرے کرنے کی سازش کرے، پاکستان کے محب وطن عوام ایسے نام نہاد کاغذی رہنما کو ملک کا دشمن سمجھتے ہیں جو کسی بھی صورت میں ملک کے ٹکڑے کرنے کی بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑے بڑے چور، ڈاکو جنہوں نے ملک کی دولت لوٹی اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں اور یہ لوگ اپنے باپ اور بڑوں کی ناجائز دولت کو بچانے کیلئے ملک کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، پاکستانی قوم جاگ رہی ہے اور  وہ ہر سازش کو ناکام بنا دے گی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے محب وطن رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ ایسی سوچ رکھنے والے نام نہاد رہنما کو فوراً الگ کردیں۔
خبر کا کوڈ : 816336
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش