QR CodeQR Code

سوات میں تعلیم کا شوق نئی نویلی دُلہن کے قتل کا سبب بن گیا

15 Sep 2019 17:03

سوات میں خواتین کے قتل، تشدد اور کم عمری کی شادیوں کیخلاف کام کرنیوالی تنظیم ‘اوکیننگ’ کے مطابق ایک ماہ کے دوران میں سوات میں 6 خواتین کو قتل کیا گیا ہے، تاہم اب تک کسی بھی قاتل کو گرفتار نہیں کیا جاسکا جو کہ محکمہ پولیس کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پاکستانی نژاد فرانسیسی شوہر نے اپنی نئی نویلی دلہن کو قتل کر دیا۔ خاتون کو تعلیم حاصل کرنے کے شوق کی بناء پر قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق برکانجو کے رہائشی انیس نے پاکستان میں آکر تقریباً 3 ماہ قبل سیکنڈ ائیر کی طالبہ ثناء گل سے شادی کی تھی، اس کی اہلیہ نے فرسٹ ائیر میں 480 نمبرز حاصل کئے تھے۔ شادی کے بعد ثناء کے والد نے ایک نجی سکول میں اس کیلئے ایک لاکھ 15 ہزار روپے جمع کرا کے داخلہ لیا تھا، لیکن اس کا فرانسیسی شہریت کا حامل خاوند اپنی اہلیہ کی تعلیم حاصل کرنے کے مخالف تھا جس کی وجہ سے اُس نے گذشتہ روز اپنی اہلیہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کانجو کے مطابق واقعے کے بارے میں اُنہیں ایک روز بعد اطلاع ملی، ملزم نے واردات کے بعد کمرے کا دروازہ اندر سے بند کیا اور کھڑکی کے راستے فرار ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم انیس فرانس کی شہریت رکھتا ہے اور آج اتوار کے روز اُس کی واپسی کا کنفرم ٹکٹ بھی بُک ہوا ہے، اس ضمن میں تمام ائیر پورٹس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سوات میں خواتین کے قتل، تشدد اور کم عمری کی شادیوں کے خلاف کام کرنے والی تنظیم ‘اوکیننگ’ کے مطابق ایک ماہ کے دوران میں سوات میں 6 خواتین کو قتل کیا گیا ہے، تاہم اب تک کسی بھی قاتل کو گرفتار نہیں کیا جاسکا جو کہ محکمہ پولیس کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 816350

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816350/سوات-میں-تعلیم-کا-شوق-نئی-نویلی-د-لہن-کے-قتل-سبب-بن-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org