0
Sunday 15 Sep 2019 20:49

روندو، شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوان اختر حسین پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

روندو، شمالی وزیرستان میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوان اختر حسین پورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک
اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے بلتستان کے ضلع روندو ہرپورہ کے سپاہی اختر حسین کو  پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، سپاہی اختر حسین ولد فدا حسین گذشتہ دنوں شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں معمول کی گشت پر تھے کہ شرپسندوں نے حملہ کر دیا، اے کے رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے سپاہی اختر حسین نے دلیری سے ان کا مقابلہ کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، تاہم اس کے بعد دہشتگردوں کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں وہ شہید ہو گئے۔ ان کے جسد خاکی کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو لایا گیا جہاں سے ان کو آبائی گاؤں ہرپوہ روندو پہنچا کر پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ میں سٹیشن کمانڈر 62 بریگیڈ محمد نعیم، چیئرمین پی اے سی سکندر علی، اے سی روندو طیب سمیع سمیت پاک فوج کے افسران اور علاقہ عمائدین و سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔

شہید کی قبر پر صدر مملکت، آرمی چیف، جوائنٹ چیفس کمیٹی کی جانب سے پھول چڑھائے گئے، اس موقع پر بریگیڈئیر محمد نعیم نے کہا کہ پاک فوج کو اختر حسین کی شہادت پر فخر ہے، جس طرح شہید اختر حسین نے جرات مندی سے شرپسندوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پاک فوج شہید کے اس کارنامے کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کی شہادت سے ہمارے حوصلے اور بلند ہوئے ہیں اور ملک عزیز میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک پاک فوج لڑے گی اور ملک کو عملی طور پر امن کا گہوارہ بنائے گی۔ چیئرمین پی اے سی سکندر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روندو کے عوام ہمیشہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں، ضرورت پڑنے پر روندو کا ہر ایک فرد پاک فوج کے ساتھ ملک کیلئے خون کا آخری قطرہ بہانے کیلئے بھی تیار ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 816359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش