QR CodeQR Code

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا کٹھ پتلی اتحاد کراچی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، بلاول بھٹو زرداری

15 Sep 2019 23:54

گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ یہ ایک سال سے سندھ حکومت گرانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں جسے گرفتار کرنا ہے کرلیں، ہم اپنے مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ظلم برداشت کرلیں گے لیکن سر نہیں جھکائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا کٹھ پتلی اتحاد کراچی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے اور سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا کٹھ پتلی اتحاد کراچی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، کٹھ پتلی حکومت کچرے کا بہانہ بنا کر کراچی کا کچرا کرنا چاہتی ہے، جو حکومت کراچی کے 3 اسپتال نہیں چلا سکتی وہ کے فور کے لئے پیسہ کہاں سے دیں گے؟ انہوں ںے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں، یہ ایک سال سے سندھ حکومت گرانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں جسے گرفتار کرنا ہے کرلیں، ہم اپنے مؤقف پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ظلم برداشت کرلیں گے لیکن سر نہیں جھکائیں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں غیر جمہوری قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے نکلا ہوں مجھے عوام کی مدد کی ضرورت ہے، صوبوں کو معاشی حق نہیں دیا جا رہا، وفاق کی ناکامی کی وجہ سے صوبے دیوالیہ ہورہے ہیں، جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور دیگر سندھ کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انڈین ائیرفورس کے پائلٹ کا انٹرویو تو سلیکٹڈ میڈیا پر چل سکتا ہے مگر آصف زرداری کا نہیں، ہر چینل کنٹرولڈ ہے، آئی ایس آئی کو جے آئی ٹی میں کیوں بٹھا دیتے ہو، سندھ کا کیس پنڈی میں کیوں چلاتے ہو؟ بغیر سزا جیل میں کیوں رکھا ہوا ہے ؟ کیا یہ کوئی اتفاق ہے کہ ساری سیاسی قیادت جیل میں ہے اب تو چیف جسٹس بھی بول رہے ہیں کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔ بلاول نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے آمروں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں اور پیچھے نہیں ہٹیں، صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور ملک کو بچایا، پی پی کے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، ذوالفقار بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، آصف زرداری نے صوبوں کو حقوق دلائے، آج وفاق خطرے میں ہے اس لئے ہمیں غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔ بلاول نے مزید کہا کہ میں الیکشن کے وقت سے کہہ رہا ہوں کہ ہمیں وفاق کو بچانا ہوگا، غیر جمہوری قوتوں کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے عوام کی ضرورت ہے، ایک سال سے کٹھ پتلی حکومت کے وار جاری ہیں، سندھ کو ایک سو ارب جبکہ پنجاب کو دو سو ارب سے زائد نقصان ہوا ہے، آئین کے مطابق صوبوں سے ناانصافی ہورہی ہے اور کٹھ پتلی سرکار صوبوں کے آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 816376

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816376/پی-ٹی-ا-ئی-اور-ایم-کیو-کا-کٹھ-پتلی-اتحاد-کراچی-پر-قبضہ-کرنا-چاہتا-ہے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org