0
Sunday 15 Sep 2019 23:57

فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے جرأت حسینی کو بیدار کرنا ہوگا، شکیل قاسمی

فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے جرأت حسینی کو بیدار کرنا ہوگا، شکیل قاسمی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ ختم نبوت فورم پاکستان کے بانی و مرکزی سیکریٹری جنرل محمد شکیل قاسمی نے کہا ہے کہ امام حسینؑ نے خاتم الانبیاء و المرسلین حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ کے دین کی بقاء و حفاظت کیلئے عظیم قربانی دی، حسینیت ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے، آج فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے جرأت حسینی کو بیدار کرنا ہوگا، امام حسینؑ کسی ایک مسلک و ملک کے نہیں بلکہ رہتی دنیا تک پوری انسانیت کیلئے جرأت و استقامت خصوصاً مسلم امہ کیلئے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہیں۔ اہلبیت اطہارؑ و اصحاب رسولؐ سے عقیدت و محبت ایمان کا حصہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد بلالؓ نارتھ کراچی میں منعقدہ پیغام شہادت امام حسینؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت سید لیاقت علی شاہ جبکہ سرپرستی ممتاز عالم دین علامہ محمد حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی کر رہے تھے، کانفرنس سے مہمان خصوصی بانی صدر مولانا محمد امین انصاری، وائس چیئرمین مفتی خواجہ احمدالرحمان یار خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ شہادت امام حسینؑ استعمار کے خلاف امن و وحدت کا درس دیتی ہے، مسلمان حب اہلبیتؑ کے پرچم تلے متحد و بیدار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عقیدہ ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، ملک میں باغیان ختم نبوت قادیانیوں کا ہر سطح پر محاسبہ کیا جائے گا، قریہ قریہ بستی بستی جاکر جذبہ حسینی سے عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ و دفاع کریں گے۔ اس موقع پر محمد طارق تنولی، عبدالماجد، قاری ذاکر، قاری محمد رئیس و دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 816377
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش