QR CodeQR Code

گھوٹکی میں اسکول پرنسپل پر توہین مذہب کا الزام، شہریوں کا احتجاج

16 Sep 2019 00:03

پولیس سے مقامی افراد نے مطالبہ کیا کہ وہ اسکول پرنسپل کو گرفتار کریں جبکہ علاقے میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا گیا اور مظاہرے بھی کئے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا میں بھی جاری کردی گئی جہاں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین ایک مندر پر چڑھائی کی کوشش کررہے ہیں اور اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مبینہ طور پر توہین مذہب کے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور مقدمہ بھی درج کرادیا گیا۔ پولیس نے سندھ پبلک اسکول کے ایک طالب علم کے والد کی شکایت پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اسکول پرنسپل کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرادی۔ اسکول پرنسپل کے خلاف ایف آئی آر توہین رسالت سے متعلق آرٹیکل 295 سی کے تحت درج کرادی گئی ہے، مقدمے کے اندراج کے بعد علاقے میں احتجاج کیا گیا اور حالات خراب ہوگئے۔ پولیس سے مقامی افراد نے مطالبہ کیا کہ وہ اسکول پرنسپل کو گرفتار کریں جبکہ علاقے میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا گیا اور مظاہرے بھی کئے گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا میں بھی جاری کردی گئی جہاں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرین ایک مندر پر چڑھائی کی کوشش کررہے ہیں اور اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ گھوٹکی کے سنیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فرخ لنجر نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس علاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ایڈووکیٹ ویرجی کولہی کا کہنا تھا کہ مزید کسی نقصان یا کشیدگی سے بچنے کے لئے معاملے کو سنجیدگی سے نمٹایا جارہا ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا میں مظاہرین کی ایک ویڈیو جاری کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ گھوٹکی میں توہین رسالت کے الزامات اور شہریوں کے احتجاج کی خطرناک رپورٹس موصول ہورہی ہیں۔ سوشل میڈیا میں گھوٹکی سے ویڈیو جاری کرنے والے افراد نے پیپلز پارٹی کی مقامی انتظامیہ اور ایڈیشنل آئی جی جمیل احمد سے صورت حال کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی جمیل احمد نے ایک ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم سنجیدہ صورت حال سے تحمل، غیرجانب داری اور پیشہ وارانہ انداز سے نمٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے ماڈریٹ اور تعلیم یافتہ افراد انصاف اور گھوٹکی میں امن کو برقار رکھنے کے لئے ہماری کوششوں کی حمایت کریں۔ رپورٹس کے مطابق گھوٹکی کے قریبی علاقوں میرپور ماتھیلو اور عادلپور میں بھی مظاہرے کئے گئے جہاں مظاہرین نے سڑک بلاک کی اور پولیس سے اسکول پرنسپل کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
 


خبر کا کوڈ: 816378

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816378/گھوٹکی-میں-اسکول-پرنسپل-پر-توہین-مذہب-کا-الزام-شہریوں-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org