0
Monday 16 Sep 2019 11:46

سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا

سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ سعودی عرب میں تیل کے کنوؤں اور پلانٹس پر حملوں کے نتیجے میں تیل کی عالمی رسد میں پانچ فیصد کمی ہوگئی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 10.68 فیصد اضافہ ہوگیا اور یورپی آئل مارکیٹوں میں برینٹ خام تیل 11.77 فیصد مہنگا ہوگیا۔ تیل کی عالمی منڈی میں امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 60.71 ڈالر اور برینٹ کروڈ کے دام 67.31 ڈالر فی بیرل ہوگئے ہیں۔

ایک موقع پر خام تیل کے بیرل کی قیمت میں اس سے بھی زیادہ اضافہ ہوا، تاہم پھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تیل ذخائر جاری کرنے کی منظوری دی، جس کے نتیجے میں تیل کی عالمی قیمت میں کچھ کمی آئی۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ تنصیبات سے تیل کی رسد مکمل طور پر بحال ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں، جس کے باعث اتنے ہی عرصے تک قیمتوں میں اضافہ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ ہفتے کے روز سعودی عرب میں تیل کی دو بڑی اور اہم تنصیبات پر ڈرون حملے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں ان مقامات پر آگ لگ گئی اور کافی مالی نقصان ہوا۔ امریکا نے الزام لگایا ہے کہ ان حملوں میں ایران کا ہاتھ ہے، تاہم ایرانی حکومت نے یہ الزام مسترد کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ یمن سے حوثی مزاحمت کار متعدد بار سعودی عرب پر میزائل حملے کرچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 816457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش