QR CodeQR Code

ہری پور کے بعد پورے صوبے میں طالبات کو عبایا پہننا ہوگا، ضیاء اللہ بنگش

16 Sep 2019 12:55

نجی نیوز چینل پر گفتگو میں خیبر پختونخوا کے مشیر تعلیم نے کہا کہ ہمارے صوبے اور ملک کی روایات ہیں، ہم اس کو بھی دیکھ رہے ہیں، اپنے کلچر اور دین کو دیکھ کر فیصلے کرتے ہیں، اب اس فیصلے کو صوبے بھر میں عملدرآمد کرنے جا رہے ہیں، ڈی او کے اس فیصلے کو سراہتا ہوں، ہم نے جو فیصلے کئے اس پر پہلا قدم ہری پور کی ڈی او نے اٹھایا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر ضیاء بنگش نے کہا ہے کہ ہری پور میں طالبات کے عبایا پہننے کو لازمی قرار دینے کے بعد اب صوبے بھر میں اس فیصلے پر عملدرآمد کرائیں گے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں گذشتہ ہفتے محکمہ ایجوکیشن کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر کی جانب سے ایک سرکلر جاری کیا گیا جس میں سکول کی طالبات کیلئے عبایا کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ لڑکیاں کسی بھی غیر اخلاقی حرکت سے بچنے کیلئے عبایا پہنیں، چادر یا گاؤن پہنیں، بچیوں سے چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی کی بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر یہ اقدام ضروری تھا۔ نجی نیوز چینل کے پروگرام گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر ضیاء بنگش نے کہا کہ اس سرکلر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، محکمہ ایجوکیشن میں سب کو پورے اختیارات دیئے ہوئے ہیں، جو بہتری لاسکتے ہیں ان کو کام کرنے کی اجازت ہے، کچھ اضلاع میں ہراسانی کے واقعات ہوئے جس پر ڈی اوز کو کہا تھا اس پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے سکولوں کے اندر کوئی پابندی نہیں، یہ فیصلہ سکول سے گھر سے اور گھر سے سکول تک کیلئے کیا، تاکہ طالبات جب گھر سے اسکول تک آئیں تو مکمل کور ہوں اور عبایا لیں، ان پر سر سے پاؤں تک چادر ہو۔

صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے صوبے اور ملک کی روایات ہیں، ہم اس کو بھی دیکھ رہے ہیں، اپنے کلچر اور دین کو دیکھ کر فیصلے کرتے ہیں، اب اس فیصلے کو صوبے بھر میں عملدرآمد کرنے جا رہے ہیں، ڈی او کے اس فیصلے کو سراہتا ہوں، ہم نے جو فیصلے کئے اس پر پہلا قدم ہری پور کی ڈی او نے اٹھایا، باقی ڈی اوز کو بھی کہا ہے کہ اس کو باقی صوبے میں بھی پھیلائیں۔ ضیاء بنگش نے مزید کہا کہ ہم جو فیصلے کرتے ہیں عوام اور والدین کے ذہنی سکون اور بچوں کے تحفظ کیلئے کرتے ہیں، تاکہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں، ایسا نہیں ہے کہ صوبے میں ایسے واقعات ہیں لیکن اگر کہیں ہوئے تو ہماری ذمہ داری ہے کہ اسے دیکھیں یہ کیوں ہوئے، ہماری ذمہ داری ہے کہ اس پر فیصلے کریں، سکولوں کو ہم نے مکمل تحفظ دیا ہے لیکن جب اسکول سے طالبات گھر جاتی ہیں تو اس دوران جو واقعات ہوتے ہیں اس کی طرف ایک قدم اُٹھالیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 816483

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816483/ہری-پور-کے-بعد-پورے-صوبے-میں-طالبات-کو-عبایا-پہننا-ہوگا-ضیاء-اللہ-بنگش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org