0
Monday 16 Sep 2019 21:04

موجودہ دور حکومت میں احتساب کے نام پر لوگوں کو ناجائز تنگ کیا جارہا ہے، ان کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں، فریال تالپور

موجودہ دور حکومت میں احتساب کے نام پر لوگوں کو ناجائز تنگ کیا جارہا ہے، ان کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں، فریال تالپور
اسلام ٹائمز ۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور اسیر رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں احتساب کے نام پر لوگوں کو ناجائز تنگ کیا جارہا ہے، ان کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہیں اور بےگناہوں کو سیاسی انتقامی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپنے ایک نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں کہ لوگ ملک سے تنگ نہ آجائیں لیکن ان انتقامی کارروائیوں سے ہم گھبرانے والے نہیں، ہمیں جیلوں اور جھوٹے الزمات سے نہیں ڈرایا جاسکتا، ہم ماضی میں بھی یہ سب کچھ جھیلتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب ہو تو بلاتفریق ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے صرف تقاریر کی ہیں جس میں اپنا نقطہ نظر واضح کیا ہم نے کسی ملک سے کبھی مدد نہیں مانگی۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں توسیع کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کو ہم اچھا سمجھتے ہیں، اس سے پالیسی میں تسلسل رہے گا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پھر کہتی ہوں سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا بند کیا جائے ورنہ حکومت کو اس کا خمیازہ خود بھگتنا پڑے گا۔

فریال تالپور نے کہا کہ کشمیر کے ایشو پر جو ہو رہا ہے وہ بہت برا ہورہا ہے، لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کچھ ایسے ہیں کہ پارلیمنٹ خاموش ہے، ہم صرف آرڈیننس پر چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ ان کے پروڈکشن آرڈر پر یہاں پہنچی ہوں۔ انہوں نے ارکان سندھ اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے حق میں قرارداد منظور کی۔ فریال تالپور نے کہا کہ ہمیں مقدمات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی مقدمات کا سامنا کیا ہے، اس وقت بھی پیپلز پارٹی کے بہت سے رہنما جن میں اسپیکر سندھ اسمبلی بھی شامل ہیں اس مرحلے سے گزر رہے ہیں لیکن انشاء اللہ کامیابی ہماری ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 816552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش