QR CodeQR Code

ہماری تمام سفارتی کوششوں کو مودی کے غرور نے ضائع کر دیا، فواد چوہدری

16 Sep 2019 23:14

کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دراصل نریندر مودی کوئی نارمل انسان نہیں، نہ اسکا کوئی گھرانہ ہے اور نہ ہی اسے کسی کے گھرانے کی یا کسی کے بچوں کی پروا ہے، وہ بھارت سے غیر ہندوؤں کا خاتمہ چاہتا ہے اور بھارتی نوٹ پر گاندھی کی تصویر ہٹا کر اپنی تصویر لگانا چاہتا ہے، ایسے احمق انسان سے امن کی بات کرنا حماقت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بیرسٹر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مودی ایک احمق انسان ہے اور اس سے امن کی بات کرنا حماقت ہے۔ اسلام آباد میں مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حلف لینے سے پہلے یہ کہہ کر مودی کو امن کا پیغام بھجوایا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے، پاکستان دو قدم بڑھے گا، پھر عمران خان نے کرتارپور کے افتتاح کے موقع پر بھی بھارت کو امن کا پیغام بھیجا، لیکن مودی نے امن کی پیشکش کو ہماری کمزوری سمجھا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دراصل نریندر مودی کوئی نارمل انسان نہیں، نہ اس کا کوئی گھرانہ ہے اور نہ ہی اسے کسی کے گھرانے کی یا کسی کے بچوں کی پروا ہے، وہ بھارت سے غیر ہندوؤں کا خاتمہ چاہتا ہے اور بھارتی نوٹ پر گاندھی کی تصویر ہٹا کر اپنی تصویر لگانا چاہتا ہے، ایسے احمق انسان سے امن کی بات کرنا حماقت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک شخص بھی مودی کے بیانیے کے ساتھ نہیں کھڑا، مودی مقبوضہ کشمیر سے کرفیو نہیں ہٹا پا رہا، کیونکہ اسے کشمیر میں قتل و غارت کا خدشہ ہے، آج وہ تمام کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے، جو پاکستان کے موقف سے اختلاف رکھتی تھی، 83 سالہ شیخ عبداللہ جس نے ساری زندگی ہندوستان کی خدمت کی، آج سلاخوں کے پیچھے ہے، شاہ فیصل، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی بھی جیل میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تمام سفارتی کوششوں کو مودی کے غرور نے ضائع کر دیا، کشمیر کا مسئلہ کسی گرافک ڈیزائنگ یا کاسمیٹک سرجری سے ممکن نہیں، کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیں لڑنا ہوگا، ہمیں اپنی جنگ خود ہی لڑنا پڑے گی، اپنی تقدیر کو اپنے ہاتھ میں لے کر چلنا پڑے گا۔


خبر کا کوڈ: 816561

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816561/ہماری-تمام-سفارتی-کوششوں-کو-مودی-کے-غرور-نے-ضائع-کر-دیا-فواد-چوہدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org