0
Tuesday 17 Sep 2019 10:14

ساجد میر نے حکومت سے کشمیر کی آزادی کیلئے جہاد کے اعلان کا مطالبہ کر دیا

حکومت جہاد کا اعلان کرے ہم ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں، علامہ ساجد میر
ساجد میر نے حکومت سے کشمیر کی آزادی کیلئے جہاد کے اعلان کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کےسربراہ ساجد میر نے حکومت سے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری  کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں لہٰذا حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے جہاد کا اعلان کرے ہم ساتھ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راوی روڈ لاہور میں مرکزی کابینہ اور ارکان عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، ناظم مالیات حاجی عبدالرزاق سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور قرار دیا گیا کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، بھارت کشمیر میں ظلم کے تمام پہاڑ توڑ چکا ہے، 45 روز سے کشمیری کرفیو میں اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اس سے بڑھ کر انسانیت سوز سلوک اور کوئی نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ المیے کی بات یہ ہے کہ دنیا کی آنکھوں کے سامنے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا ہو گئی ہے اور کوئی بھی عالمی طاقت بھارتی استبداد کو روکنے کی جرأت نہیں کر رہی، کشمیر کا سودا دراصل پاکستان کا سودا کرنے کے مترادف ہو گا، کسی بھی ایسے فیصلے کو نہیں مانا جائے گا جو کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے منافی ہو۔ اس موقع پر ساجد میر نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی چوتھی نسل پاکستان کی محبت میں قربانیاں دے رہی ہے اور کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، بدقسمتی سے دنیا بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، پاکستان کی حکومتوں کی کوتاہیوں کے باوجود کشمیری اپنے شہید جوانوں کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کر رہے ہیں، حکومت تمام وسائل کشمیریوں کیلئے صرف کر دے۔

علامہ ساجد میر نے کہا کہ امت مسلمہ کو کشمیر کے مسئلے پر بیدار ہونا ہوگا۔ بھارتی قیادت کیساتھ پیار کی پینگیں بڑھانے کی بجائے عملاً دباؤ ڈالے، مودی کے گلے میں میڈل اور ہار پہنانے کی بجائے اس کے گریبان سے پکڑ کر جھنجھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے معاشی مفادات اور سیاسی مجبوریوں کی وجہ سے امت مسلمہ کی طرف سے کشمیریوں کی پر زور حمایت دیکھنے کو نہیں ملی یہ رویہ افسوسناک ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 816601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش