0
Tuesday 17 Sep 2019 10:34

کشمیریوں کے عزم آزادی نے ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا، راجہ فاروق

کشمیریوں کے عزم آزادی نے ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے عزم آزادی نے ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ سیز فائر لائن پر بسنے والے بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پاک فوج ہمارا مان، کشمیری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آزادی کے قافلے کا میں بھی ادنی سپاہی ہوں جب وقت آیا تو پہلی صف میں ہوں گا۔ سیز فائرلائن پر بسنے والے افراد کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون سے منصوبہ منظور ہو چکا ہے۔ بھارت نے اگر جارحیت کی تو آزادکشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔ آزادکشمیر کے عوام اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیز فائر لائن پر بسنے والے افراد کے حوصلوں اور جذبوں کو میرا سلام ہے، ان کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سیز فائر لائن پر آنے کا مقصد یہاں ڈٹ کر کھڑے رہنے والوں کو سلام پیش کرنا اور ان کے مسائل معلوم کرنا ہے۔ مودی نے پلوامہ واقعے کو بنیاد بنا کر خطے میں انتہا پسندی کو فروغ دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیز فائر لائن کے سیکٹر تتہ پانی اور نکیال سیکٹر میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تتہ پانی آمد پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم عوام میں گھل مل گئے اور ان کے مسائل معلوم کیے۔

وزیراعظم جب نکیال سیکٹر پہنچے تو سیز فائر لائن پر بسنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی وزیراعظم کاوالہانہ استقبال کیا۔ راجہ محمد فاروق خان نے کہا کہ بھارتی جارحیت دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے۔ گزشتہ روز سیز فائر لائن پر بھارتی افواج کی فائرنگ سے ایک خاتون شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ہندوستانی میڈیا کے ساتھ ملکر ہندوستانی لوگوں کو بیوقوف بنایا۔ بی جے پی پر آر ایس ایس کا قبضہ ہے وہ خطے کو اپنا مطیع بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور اس کے حمایتی متحدہ ہندوستان چاہتے ہیں پاکستان ان کے رستے کی رکاوٹ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے۔ ہندوستانی فوج لائن آف کنٹرول پر سنائپر گن سے معصوم بچوں کو نشانہ بناتی ہے۔ ہمارا دشمن بہت پست ذہنیت کا حامل اور بزدل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ہماری حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ ملکر بھارت سے پرانے بدلے چکائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 816609
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش