0
Tuesday 17 Sep 2019 12:13

مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر برقرار، پی ٹی آئی کی درخواست خارج

مریم نواز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر برقرار، پی ٹی آئی کی درخواست خارج
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدارت سے ہٹانے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی، مریم نواز مسلم لیگ نون کی نائب صدر رہیں گی۔ مریم نواز کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے لئے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز مسلم لیگ نون کی نائب صدر رہیں گی۔ الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدارت سے ہٹانے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نائب صدر کا عہدہ غیر فعال اور اختیارات کے بغیر ہے، اگر پارٹی صدر کا عہدہ خالی ہو تو مریم نواز نااہلی کے خاتمے تک یہ عہدہ نہیں سنبھال سکتیں، لہٰذا انہیں پارٹی کی نائب صدارت سے نہیں ہٹایا جا سکتا ہے۔
 
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کی جانب سے درخواست میں تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا تھا کہ مریم نواز سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے پارٹی عہدہ رکھنےکی اہل نہیں ہیں، اس لئے انہیں نائب صدر کے عہدے سے ہٹایا جائے، درخواست گزار کے مطابق مریم نواز احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں وہ پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتیں۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے مریم نواز کو مسلم لیگ نون کی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ گذشتہ روز محفوظ کرلیا تھا۔ گذشتہ روز سماعت میں مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کا حصہ بننا اور عہدہ رکھنا کسی شخص کا بنیادی حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 ،63 اور 63 اے کو الیکشن ایکٹ کی شق 203 کے ساتھ نہیں پڑھا جا سکتا۔

اس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا تھا کہ کیا مریم نواز کے نائب صدارت کے عہدے کا الیکشن ہوا؟ جس پر نون لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے جواب دیا تھا کہ مریم نواز کو تعینات کیا گیا ہے، ان کے عہدے کا الیکشن نہیں ہوا۔ مریم نواز کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے 2 ارکان اسمبلی نے عہدہ چیلنج کیا تھا، پارٹی نے اپنے دستور کے مطابق مریم نواز کو منتخب کیا تھا، مریم نواز پارٹی آئین کے تحت نائب صدر رہیں گی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ارکان کی پٹیشن خارج کر دی، سزا یافتہ شخص پر پارٹی عہدہ کی پابندی آمرانہ دور میں لگائی گئی، ذوالفقار بھٹو کے دور میں اس پابندی کو ختم کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 816636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش