0
Tuesday 17 Sep 2019 12:25

کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے میں کامیاب رہے، شاہ محمود قریشی

کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اٹھانے میں کامیاب رہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی طویل جدوجہد جاری ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی نے 5 اگست سے نیا موڑ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام کے بعد مشترکہ پارلیمانی اجلاس بلایا گیا، جس میں کشمیر سے متعلق بحث کی گئی، اختلافات کے باوجود قوم مسئلہ کشمیر پر متفق ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس کے بعد فیصلہ ہوا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھائیں گے، مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹ چکی تھی، دنیا کی توجہ ہٹنے سے بھارت کو بہت فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل سے رجوع کا فیصلہ کیا، 54 سال بعد سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی، سلامتی کونسل کا مسئلہ کشمیر پر اجلاس کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا تھا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سلامتی کونسل کا اجلاس ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی، روس اور فرانس لچک نہ دکھاتے تو یہ اجلاس ممکن نہیں تھا، چین نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی وکالت کی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل اجلاس کے باعث مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، سلامتی کونسل اجلاس کیساتھ ساتھ او آئی سی کو متحرک کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کرنا آسان نہیں ہے، اسلامی تعاون تنظیم فلسطین کے مسئلے کے بعد بنی، او آئی سی میں فلسطین کے مسئلے پر بھی یکسوئی نہیں رہی، او آئی سی اور جی سی سی ارکان ممالک میں اختلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب پالیسی کے تحت جنیوا میں 58 ممالک نے پاکستانی موقف کی توثیق کی، کامیاب پالیسی کے تحت او آئی سی نے کرفیو کی مخالفت کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہیومن رائٹس کونسل میں کشمیر میں بنیادی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کیا، مقبوضہ وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا نے بھارتی موقف کو تردید کیا، مخالفت کے باوجود مسئلہ کشمیر یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے ایجنڈے پر ہے، یورپین یونین کی پارلیمنٹ میں پہلی بار مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 ستمبر کو وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب جا رہا ہوں، سعودی عرب میں اہم نشستوں کو مدنظر رکھ کر اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 فروری کو مسئلہ کشمیر ہاوَس آف کامنز میں لے کر گیا، او آئی سی کو متحرک کرنا آسان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیمیں، پاکستانی اور کشمیری برداری فعال ہیں، وزیراعظم نے مظفرآباد میں بڑا اجتماع کرکے دنیا کو پیغام دیا، وزیراعظم نے پیغام دیا مودی سرینگر میں جلسہ کرکے دکھائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مودی سرکار کے اقدامات پر بھارت بھی تقسیم ہو چکا ہے، بھارتی اقدامات کیخلاف بھارتی سپریم کورٹ میں 14درخواستیں دائر ہیں، بھارتی سپریم کورٹ نے غلام نبی آزاد کو کشمیر جانے کی اجازت دی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ آر ایس ایس کے دباوَ میں ہے، بھارتی سپریم کورٹ غلام نبی آزاد کے ہمراہ عالمی میڈیا کو بھی کشمیر بھیجے۔ انہوں نے کہا کہ 27 سے زائد امریکی کانگریس رہنماوَں نے کشمیر سے متعلق ٹرمپ کو خط لکھا، ایران میں بھارتی اقدامات کیخلاف قرارداد پاس ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 816644
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش