QR CodeQR Code

چوہدری شجاعت کے انتقال کی جعلی خبر پھیلانے والوں کی نشاندہی ہوگئی

17 Sep 2019 13:27

ظہور الٰہی پیلس کے انچارج سیف اللہ خالد نے گوجرانوالہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو چوہدری شجاعت حسین سے متعلق جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ سوشل میڈیا پر سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی وفات کی جھوٹی خبر پھیلانے والوں کی نشاندہی ہوگئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے آصف اقبال کے مطابق سوشل میڈیا پر کچھ دنوں پہلے مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلانے پر تین ملزمان کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ غلام رسول، شیراز علی اور علی شہزاد گجرات کے رہائشی ہیں۔ تینوں ملزمان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جس کے بعد مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ظہور الٰہی پیلس کے انچارج سیف اللہ خالد نے گوجرانوالہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو چوہدری شجاعت حسین سے متعلق جھوٹی خبر پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جھوٹی خبر سے نہ صرف چوہدری شجاعت کے خاندان کو صدمہ پہنچا، بلکہ ان کی شہرت اور سیاسی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سوشل میڈیا پر چوہدری شجاست حسین کے انتقال کی خبر وائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد اُن کے اہلخانہ نے تصدیق کی ہے کہ چوہدری شجاعت حسین سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر بے بنیاد ہے جبکہ وہ جرمنی میں زیر علاج ہیں اور ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے، وہ مکمل علاج کروا کر جلد وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما مونس الہٰی کی جانب سے بھی تصدیق گئی تھی کہ چوہدری شجاعت حسین کی طبیعت بہت بہتر ہے، افواہوں پر کان نہ دھرا جائے۔


خبر کا کوڈ: 816654

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816654/چوہدری-شجاعت-کے-انتقال-کی-جعلی-خبر-پھیلانے-والوں-نشاندہی-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org