0
Tuesday 17 Sep 2019 16:44

سعودی عرب کی حفاظت کا کوئی پیمان ہے نہ ہی حملہ امریکہ پر ہوا، ٹرمپ

سعودی عرب کی حفاظت کا کوئی پیمان ہے نہ ہی حملہ امریکہ پر ہوا، ٹرمپ
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی تیل تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ جنگ نہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اور نہ ہی کبھی امریکا نے سعودی عرب سے اس کی حفاظت کرنے کا وعدہ کیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یہ محسوس ہو رہا ہے کہ ایران ہی سعودی تیل تنصیبات پر حملے میں ملوث ہے، تاہم وہ پھر بھی خطے میں جنگ نہیں چاہتے۔ خیال رہے کہ امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران اپنے حریف سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملے میں براہ راست ملوث ہے۔ امریکا کے صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر ہونے والے حملے کا ردعمل دینے کے لیے تیار ہیں اور اس کے لیے واشنگٹن نے اپنے اہداف بھی لاک کر لیے ہیں۔

تاہم ایک روز بعد ہی اب اپنے حالیہ بیان میں امریکا کے صدر کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مزید آپشنز موجود ہیں، ابھی ہم ان آپشنز کی جانب نہیں دیکھ رہے بلکہ پہلے ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ (تیل تنصیبات پر حملہ) کس نے کیا۔ امریکا تفتیش کر رہا ہے کہ کیا ان حملوں میں ایران ملوث ہے جبکہ اس حوالے سے امریکا کے صدر کا کہنا تھا کہ یہ یقیناً اسی طرف دیکھ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد واشنگٹن کو وراثت میں ملی جنگوں سے دور کرنے کی کوششوں میں اپنا زیادہ وقت گزار رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے لیے انہیں کسی تنازع میں جانے کی جلدی نہیں اور نہ ہی وہ جنگ کی خواہش رکھنے والی شخصیت کے حامل نہیں ہیں۔

ٹرمپ نے ایران پر الزامات عائد کرنے کے بیانات سے خود کو علیحدہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کابینہ کے اراکین بشمول مائیک پومپیو اور سیکریٹری توانائی رک پیری نے تہران پر الزام عائد کیا اور وہ لوگ جلد سعودی عرب جائیں گے۔ یاد رہے کہ اپنے دورہ ترکی کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ سعودی اتحادی فوجیوں کی یمنی عوام پر بمباری کے نتیجے میں وہاں کے باسی جوابی کارروائی کر رہے ہیں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یمنی عوام اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کر رہے ہیں۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کی حفاظت کا وعدہ نہیں کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے سعودی لوگوں سے کوئی وعدہ نہیں کیا تھا، تاہم ہمیں ان کے ساتھ مل بیٹھ کر معاملے کا حل نکالنا ہے۔ امریکی صدر نے واضح کیا کہ یہ حملہ سعودی عرب پر ہوا ہے، ہمارے اوپر نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 816688
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش