0
Tuesday 17 Sep 2019 18:50

کشمیر پر سودے بازی کرنے والے اپنی قبر خود کھودیں گے، لیاقت بلوچ

کشمیر پر سودے بازی کرنے والے اپنی قبر خود کھودیں گے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو بولنے دو، کشمیریوں کا درد سنو اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دو۔ سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی سے منسلک ادبی تنظیم خوشبو کے زیر اہتمام اہل قلم کانفرنس بعنوان، تڑپتی شہ رگ اور قلمکار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مجرمانہ بے حسی ختم کرنا ہوگی، کشمیر پر سودے بازی کرنے والے اپنی قبر خود کھودیں گے، حکمران افغانوں سے غیرت، حمیت، استقامت کا درس لیں، جرأت سے اقدام کریں، آج کے اہل قلم کو علامہ اقبال سے رہنمائی لینی چاہیے، ایک زمانے میں علامہ اقبال کو بھی کشمیر کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا تھا، انہوں نے کشمیر کے ساتھ محبت کا حق ادا کیا اور اس حوالے سے بہت کچھ لکھا۔

انکا کہنا تھا کہ کشمیری 43 دنوں سے بھارتی کرفیو، ظلم و جبر، جبری گمشدگی اور نسل کشی کا شکار ہیں، بھارت کے لیے ممکن نہیں کہ یہ ظلم جاری رکھ سکے، بھارت 100 دن بھی کرفیو مسلط رکھ لے، کشمیری اپنی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، کشمیریوں کا حوصلہ اور عزم ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔ کانفرنس کی صدارت ادبی تنظیم خوشبو کے صدر ملک محمد اعظم نے کی، جبکہ اس موقع پر سینئر صحافی حاجی محمد نواز رضا، شاعر، ادیب اور مصنف جبار مرزا، کالم نگار راج بیگ، نامور شاعر، کالم نگار اور مصنف احمد حاطب صدیقی، ممتاز ادیب افتخار کھوکر، سینئر کالم نگار عابد ملک، معروف لکھاری ریاض عادل، شاعر، کالم نگار اور مصنف پروفیسر جمیل منہاس، صدر تحریک نفاذ اردو عطا الرحمن چوہان، سینئر صحافی اور کالم نگار میاں منیر احمد، کالم نگار میر افسر خان، شاعر الطاف رسول، یوتھ اسمبلی پاکستان کے حماد ملک، امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔
خبر کا کوڈ : 816719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش