QR CodeQR Code

ملک میں صرف سیاسی مخالفین کا احتساب کیا جا رہا ہے، سعید غنی

17 Sep 2019 18:34

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم کسی صورت تقسیم برداشت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں، لیکن وہ ایم کیو ایم کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملک میں صرف سیاسی مخالفین کا احتساب کیا جا رہا ہے اور ان سے سیاسی انتقام لے کر اپنی ذاتی انا کو تسکین دی جا رہی ہے، اطلاعات ہیں کہ مالم جبہ کیس میں تمام ملزمان کو کلین چٹ دی جا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں میڈیا کارنر پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ علی زیدی اپنے ذاتی دوستوں کو نواز رہے ہیں، جن افراد کو ٹھیکے دیئے گئے ہیں، ان کے خلاف ایف آئی اے اور دیگر اداروں میں تحقیقات جاری ہیں، پی ٹی آئی حکومت پر وزیراعلیٰ کی اپنی بنائی ہوئی ٹیم نے رپورٹ دی، وزیراعظم کا یہ کہنا کہ ہماری تحقیقات پہلے ہوگی، پھر نیب کیس بھیجیں گے، بی آر ٹی منصوبہ کرپشن کی داستان ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی تقسیم یا کراچی کی علیحدگی پر ہمارا واضح مؤقف ہے کہ ہم کسی صورت تقسیم برداشت نہیں کریں گے، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں، لیکن وہ ایم کیو ایم کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں، فروغ نسیم نے اس طرح کی بات کرکے دراصل ایم کیو ایم کی مدد کی ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کو رگڑا لگایا ہے، کیونکہ ہم ایم کیو ایم کی نیت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فروغ نسیم نے الطاف حسین کو نیلسن منڈیلا سے تعبیر کیا، ان کی رکمڈیشن ایم کیو ایم سے نہیں کسی اور جگہ سے ہوئی ہے، اس پر ایم کیو ایم بھی اعتراض کر چکی ہے، ایم کیو ایم آج ہمارے ساتھ نہیں پر اس کی حرکتوں سے ہم واقف ہیں۔


خبر کا کوڈ: 816720

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816720/ملک-میں-صرف-سیاسی-مخالفین-کا-احتساب-کیا-جا-رہا-ہے-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org