QR CodeQR Code

نیب کا وزیراعلٰی سندھ کو آئندہ ہفتے اسلام آباد طلب کرنے کا فیصلہ

17 Sep 2019 23:04

جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نیب کراچی نے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کو منگل کی صبح گیارہ بجے طلب کیا تھا، تاہم نیب کی تحقیقاتی ٹیم وزیراعلٰی سندھ کی کراچی نیب دفتر میں راہ تکتی رہی اور مراد علی شاہ تقاریب میں شریک ہوتے رہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں طلبی کے باوجود نیب میں پیش نہ ہوئے، نیب نے وزیراعلٰی سندھ کو آئندہ ہفتے اسلام آباد میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں نیب کراچی نے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کو  منگل کی صبح گیارہ بجے طلب کیا تھا، تاہم نیب کی تحقیقاتی ٹیم وزیراعلٰی سندھ کی کراچی نیب دفتر میں راہ تکتی رہی اور مراد علی شاہ تقاریب میں شریک ہوتے رہے۔ وزیراعلٰی نے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں گذشتہ روز ہی نوٹس ملا تھا، اب دیکھیں گے کہ کن وجوہات پر نیب نے طلب کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے وزیراعلٰی سندھ کو آئندہ ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلٰی سندھ نیب اسلام آباد میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ نیب نے وزیراعلٰی پاور پلانٹ تعمیرات میں سبسڈی کی تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا اور غیر قانونی ٹھیکے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق بھی سوالات پر پوچھ گچھ ہونا تھی، وزیراعلٰی پر سکرنڈ، کھوسکی، دادو، ٹھٹھہ شوگر ملز کو غیر قانونی سبسڈی دینے کا الزام ہے۔ واضح رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت تقریبا تمام بڑے نام زیرحراست اور پیشیاں بھگت رہے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 816761

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816761/نیب-کا-وزیراعل-ی-سندھ-کو-آئندہ-ہفتے-اسلام-آباد-طلب-کرنے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org