QR CodeQR Code

آئین پاکستان ہر شہری کے حقوق کا ضامن ہے، ہم اسی ذریعے عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں، مصطفیٰ کمال

17 Sep 2019 23:26

پاکستان ہاؤس میں سندھ بار کونسل کے وفد سے ملاقات میں چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ہم صرف کراچی کی بات نہیں کر رہے بلکہ پورے ملک کو اپنا سمجھتے ہیں، کراچی سے کشمیر تک عوامی مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھا رہے ہیں، بچہ چاہے کراچی میں جاہل بڑا ہو یا کوئٹہ اور پشاور میں نقصان ہمارا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ہر شہری کے حقوق کا ضامن ہے اور اسی کے ذریعے عوامی مسائل کا حل چاہتے ہیں، آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے حوالے سے کوئی باب موجود نہیں، اب ملک کو آگے صحیح سمت میں لے کر جانے کے لئے اس وضاحت کی ضرورت ہے کہ بلدیاتی حکومتوں کا دائرہ کار کیا ہوگا اور انکے اختیارات کیا ہونگے، جیسے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے حوالے سے مکمل رہنمائی آئین پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی تعمیر کے فیصلے لاڑکانہ یا اسلام آباد سے نہیں ہونے چاہیئے، جیسے اسلام آباد، لاڑکانہ یا کوئٹہ کی سڑکوں اور سیوریج لائنوں کے فیصلے کراچی سے نہیں ہو سکتے، پاکستان کو درپیش 80 فیصد مسائل کا حل مضبوط بلدیاتی حکومتوں کا قیام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سندھ بار کونسل کے وفد سے ملاقات میں کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم صرف کراچی کی بات نہیں کر رہے بلکہ پورے ملک کو اپنا سمجھتے ہیں، کراچی سے کشمیر تک عوامی مسائل کے حل کے لئے آواز اٹھا رہے ہیں، بچہ چاہے کراچی میں جاہل بڑا ہو یا کوئٹہ اور پشاور میں نقصان ہمارا ہے، اسی طرح علاج کی سہولیات ملک کے کسی بھی حصے میں میسر نہ ہونے کی وجہ سے مرنے والا بچہ بھی اسی قوم کا ہے جو آگے چل کر پاکستان کے لیے اثاثہ ثابت ہو سکتا تھا۔ وفد کے شرکاء میں ایڈوکیٹ عبدالوہاب انصاری، ایڈوکیٹ عرفان احمد صادقی، ایڈوکیٹ وحید اعظم خان تنولی شامل تھے۔ اس موقع پر رکن نیشنل کونسل ایڈوکیٹ حسان صابر بھی سید مصطفیٰ کمال کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بالخصوص کراچی کی عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر گفتگو کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 816769

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816769/آئین-پاکستان-ہر-شہری-کے-حقوق-کا-ضامن-ہے-ہم-اسی-ذریعے-عوامی-مسائل-حل-چاہتے-ہیں-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org