QR CodeQR Code

کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں وہ سخت ترین کرفیومیں زندگی بسر کر رہے ہیں، راجہ فاروق

18 Sep 2019 10:09

حویلی میں یکجہتی کشمیر کانفرنس اور متاثرین ایل او سی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ بہت جلد ہم اس لکیر کو روند ڈالیں گے اس کے لیے عملی طور پر تیار ہو جاؤ۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے حویلی کے عوام کے حوصلے بلند ہیں جنہوں نے 72سالوں سے ہندوستان کی طرف سے ایل او سی پر رہنے والے سول آبادی پر فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف ہمیشہ عملی ثبوت دیا ہے۔ حویلی کے عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے سینہ سپر ہیں۔  میں حویلی کے خطہ کے باسیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے یہاں آیا ہوں۔ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں وہ 42روز سے کرفیو میں زندگی بسر کر رہے ہیں، بہت جلد ہم اس لکیر کو روند ڈالیں گے اس کے لیے عملی طور پر تیار ہو جاؤ۔ وزیراعظم آزادکشمیر گزشتہ روز حویلی میں یکجہتی کشمیر کانفرنس اور متاثرین ایل او سی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرتعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا کہ حویلی کہوٹہ تینوں اطراف سے بھارتی افواج کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔ اہلیان حویلی کے حوصلے بلند ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ ایل او سی پر رہنے والوں میں سب سے زیادہ حصہ ضلع حویلی والوں کا بنتا ہے یہاں کے لوگوں کو کارڈز اور آٹا سرکاری ریٹ پر فراہم کیا جائے گا۔ حویلی کی تعمیروترقی اور پورے خطہ کی تعمیروترقی کا سہرا چوہدری محمد عزیز کے سر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر آزاد ہو گا اس کے لیے اہلیان حویلی بھی پوری طرح تیار رہیں۔ انشاءاللہ حویلی آزادکشمیر کا اہم تجارتی مرکز ہو گا، یہ بڑے شہروں کے سنگم پر واقع ہے۔ ہندوستان کی طرف سے گزشتہ 72سالوں سے ظلم و جبر کا حساب لیا جائے گا۔ ہمیں سرینگر اور مقبوضہ کشمیر میں اپنی ماؤں بہنوں کی قربانیوں کا احساس ہے۔ اُن کی آہوں اور سسکیوں کی آواز ہمیں ہر وقت محسوس ہوتی ہے، اُن کو بھارتی پنجہ استبداد سے آزادی دلانے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 816801

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816801/کشمیریوں-کے-حوصلے-بلند-ہیں-وہ-سخت-ترین-کرفیومیں-زندگی-بسر-کر-رہے-راجہ-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org