0
Wednesday 18 Sep 2019 10:55

بلتستان ریجن میں یوٹیلٹی سٹورز بند ہونا شروع، سامان گلگت روانہ

بلتستان ریجن میں یوٹیلٹی سٹورز بند ہونا شروع، سامان گلگت روانہ
اسلام ٹائمز۔ بلتستان ریجن میں یوٹیلٹی سٹورز بند ہونا شروع ہو گئے، سکردو میں موجود ویئر ہاؤس اور ریجنل آفس کے سامان کو سمیٹ کر ٹرکوں میں لاد کر گلگت روانہ کر دیا گیا، جبکہ سکردو، شگر، کھرمنگ اور خپلو میں 16 سے زائد یوٹیلٹی سٹورز کی شاخوں کو بند کرنے کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ سکردو میں موجود 11 میں سے 6 سٹورز کو بند کر دیا جائے گا، صرف 5 شاخیں ہی برقرار رہیں گی۔ ضلع شگر میں 5 میں سے 4 سٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صرف ایک سٹور کو برقرار رکھا جائے گا، کھرمنگ میں یوٹیلٹی سٹور کی 2 شاخیں موجود ہیں اور دونوں کو بند کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ خپلو میں 9 میں سے 7 سٹورز کو بند کر دیا جائے گا جہاں صرف دو شاخیں ہی برقرار رہیں گی۔ روندو میں موجود 2 شاخوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلتستان ریجن میں اس وقت 64 ملازمین ہیں، ان میں سے صرف 12 ریگولر اور باقی 52 ملازمین ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں، جن کی تنخواہ 12 سے 14 ہزار روپے ہے، انہیں گلگت جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یوٹیلٹی سٹوروں کو بند کرنے کے فیصلے کے بعد ان ملازمین کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے، ڈیلی ویجز ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کی تنخواہ بارہ سے چودہ ہزار روپے ہے اور گلگت جا کر اس قلیل تنخواہ سے ان کا اپنا گزارہ بھی نہیں ہوتا۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں سٹوروں کے بند کرنے کی خبر آنے کے بعد گورنر نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور سے ملاقات کی تھی اور اس بابت تبادلہ خیال کیا تھا، ایم ڈی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ بلتستان میں یوٹیلٹی سٹورز کو بحال رکھا جائے گا اور خواتین ملازمین کو متعلقہ اضلاع میں تعینات کیا جائے گا، تاہم اس یقین دہانی کے برخلاف بلتستان سے سامان سمیٹنا شروع ہو گیا۔
 
خبر کا کوڈ : 816827
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش