QR CodeQR Code

بہتر ہیومن ریسورس کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں، جام کمال خان

18 Sep 2019 12:34

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے، سی ای او بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ زاہد سلیم نے بتایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا وژن بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے مناسب اور دوستانہ ماحول کی فراہمی ہے تاکہ بلوچستان کے معاشی اور سماجی سیکٹر میں ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان میر جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ، اس صوبے کو خدا نے ہر نعمت سے نوازا ہے جس سے بھرپورانداز میں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکرٹری صنعت غلام علی بلوچ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے، سی ای او بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ زاہد سلیم نے بتایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا وژن بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے مناسب اور دوستانہ ماحول کی فراہمی ہے تاکہ بلوچستان کے معاشی اور سماجی سیکٹر میں ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہو سکے۔

بی بی او آئی کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل کے حل جبکہ وفاق اور دیگر صوبوں میں فعال بورڈ آف انویسٹمنٹ کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا، جبکہ بورڈ کو کمپنی موڈ میں فعال کرنے، نجی شعبے سے تجربہ کار افراد کی خدمات حاصل کرنے، مالی اور انتظامی امور سے متعلق فیصلوں کی منظوری بھی وزیراعلٰی کی جانب سے دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ بلوچستان کے چار بڑے سیکٹرز سمندری نمک، بلوچستان کی طویل ساحلی پٹی، معدنیات اور ری نیو ایبل انرجی میں سرمایہ کاری کے بےپناہ مواقع موجود ہیں، جبکہ صوبے کا وسیع رقبہ اسے زراعت اور لائیو اسٹاک کے لئے بھی موزویت فراہم کرتا ہے، اس سلسلے میں بی بی او آئی ٹی کا کردار بہت کلیدی ہے جو صوبے میں سرمایہ کاری لانے میں اپنا فعال کردار ادا کرسکتا ہے۔ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اچھا ماحول بن رہا ہے اور ہم بہتر ہیومن ریسورس کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں، جبکہ صوبے کے محاصل میں اضافے سے عوام میں مجموعی طور پر خوشحالی اور آسودگی آئے گی۔ وزیراعلٰی نے بورڈ کو سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ مطلوبہ ضروریات اور سہولیات کی فراہمی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
 


خبر کا کوڈ: 816875

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816875/بہتر-ہیومن-ریسورس-کو-بروئے-کار-لاتے-ہوئے-بلوچستان-روشن-مستقبل-دے-سکتے-ہیں-جام-کمال-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org