QR CodeQR Code

حکومت کسی لانگ مارچ دھرنے سے بلیک میل نہیں ہوگی، دوست محمد مزاری

18 Sep 2019 18:15

اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات کے دوران ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں کا آپس میں اتحاد بنے یا نہ بنے، اس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی کا مقصد فراموش نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں دوسری تمام اسمبلیوں کی نسبت مفادِ عامہ کے لیے ریکارڈ قانون سازی کی گئی ہے، حکومت کی طرف سے اسمبلی کاروائی کے دوران تمام ممبرانِ اسمبلی خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو چاہے وہ حکومت سے ہوں یا اپوزیشن سے بلاتفریق سب کو برابری کی سطح پر ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جاتی ہے اور سب کو اپنی پارٹی کی نمائندگی کا پورا موقع دیا جاتا ہے۔ ممبرانِ اسمبلی کو بھی چاہیے کہ وہ ملک کی بہتری اور عوام کی خدمت کے لیے اسمبلی فلور پر سنجیدگی سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکینِ پنجاب اسمبلی سے گفتگو کے دوران کیا۔

ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد صرف اور صرف حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے، لیکن کوئی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے بلیک میل نہیں ہوگی۔ غیرجمہوری سوچ رکھنے والی جماعتوں کا آپس میں اتحاد بنے یا نہ بنے اس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی کا مقصد فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی سپیکر نے مزید کہا کہ ماضی میں صرف کھوکھلے نعروں سے کام لیتے ہوئے عوام کی بنیادی ضروریات کو نظرانداز کیا گیا، نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے قومی اداروں کو کنگال کیا گیا۔ بے دردی سے ملکی خزانہ لوٹ کر بیرونِ ملک جائیدادیں بنائی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 816941

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/816941/حکومت-کسی-لانگ-مارچ-دھرنے-سے-بلیک-میل-نہیں-ہوگی-دوست-محمد-مزاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org