0
Thursday 19 Sep 2019 13:07

کشمیری خواتین ہر صبح دروازہ کھول کے دیکھتی ہیں کہ پاکستانی فوج سری نگر پہنچی کہ نہیں، راجہ فاروق حیدر

کشمیری خواتین ہر صبح دروازہ کھول کے دیکھتی ہیں کہ پاکستانی فوج سری نگر پہنچی کہ نہیں، راجہ فاروق حیدر
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں خواتین کی عزتیں غیر محفوظ ہیں اور بچے یتیم ہورہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کیا جب آخری کشمیری مرجائے گا، تب ہوش آئے گا؟۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی نیشنل پارلیمنٹرینز کانفرنس برائے کشمیر سے جذباتی خطاب کیا، جس میں وہ خود بھی آبدیدہ ہوگئے اور شرکاء کی آنکھیں بھی بھر آئیں۔ اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں نیشنل پارلیمنٹرینز کانفرنس برائے کشمیر میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ اگر کشمیر گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے پانیوں پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، کشمیری پاکستان کے بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مخاطب ہو کر کہا کہ دنیا ہماری بات سنے گی، آپ کی نہیں، آپ ایٹمی جنگ کی بات نہ کریں، بھارت یہ سمجھے گا کہ روایتی جنگ نہیں لڑ سکتے، پاکستان ہمارے پیچھے کھڑا ہو، ہمیں اپنی بات دنیا تک پہنچانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے وہاں کے لوگ بتاتے ہیں کہ کشمیری عورتیں روزانہ صبح دروازہ کھول کے دیکھتی ہیں کہ سری نگر میں پاکستانی فوج پہنچی کہ نہیں، کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہ کہنا چھوڑ دیں کہ اگر بھارت نے آزاد کشمیر پر حملہ کیا تو لڑینگے، کیوں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کیساتھ جو مرضی ظلم ہوتا رہے، اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں, مقبوضہ کشمیر میں میری ماؤں اور بہنوں کی ناموس پائمال ہو رہی ہے، یہاں ہم ڈالروں کے پیچھے ہیں، ہم اللہ کو کیا منہ دکھائیں گے، کیا ڈالر کھائیں گے۔

واضح رہے کہ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ جن قوموں پر مشکلات آتی ہیں، ان کے جذبات کا اندازہ بھی صرف انہی کو ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا، بھارت کشمیر کو اپنے شکنجے میں رکھنا چاہتا ہے، لیکن اس کا ہدف پاکستان ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیادت کا کام قوم کو ڈرانا نہیں، مشکل وقت میں حوصلہ دینا ہوتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد مسئلہ کشمیر پر دنیا کی توجہ دلانا ہے، ہم نے دنیا کو باور کرانا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 817106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش