0
Thursday 19 Sep 2019 19:17

کراچی، این ای ڈی میں ”انوائرمینٹل انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ“ سیمینار کا انعقاد

کراچی، این ای ڈی میں ”انوائرمینٹل انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ“ سیمینار کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی این ای ڈی یونیورسٹی میں وفاقی منسٹری آف کلائمٹ چینج، یونائٹڈ نیشن ڈیولپمنٹ پروگرام اور جامعہ این ای ڈی کے اشتراک سے گلوبل انوائرمینٹل بینفٹ پروجیکٹ (جی ای بی) کے زیرِ اہتمام ایک سیمینار ”انوائرمینٹل انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ“ کے عنوان سے منعقد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد ماحول دوستی، پاکستان میں اس حوالے سے آگہی پیدا کرنا، جبکہ ماحول کی بہتری میں کردار ادا کرنا تھا۔ مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے چیئرمین اربن اینڈ انفرااسٹکچر انجینئرنگ ڈاکٹر عدنان قادر نے ماحول دوستی پر زُور دیا۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کنٹری کوآرڈینیٹرمنسٹری آف کلائمٹ چینج اور یونائٹڈ نیشن ڈیولپمنٹ پروگرام سلیم جنجوعہ نے حسن ناصر جامعی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُن کے ماحول دوست اقدامات کو پاکستان بھر کیلئے خوش آئند قرار دیا۔ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی اس حوالے سے تحقیق کیلئے پاکستان میں ہراوّل دستے کا کام انجام دے رہی ہے۔

شیخ الجامعہ نے کہا کہ ماحول دوستی میں ناصرف حکومتی اداروں اور جامعات کو کردار ادا کرنا ہوگا، بلکہ معاشرتی اکائی یعنی ہمارے گھر اس حوالے سے بچوں کی تربیت کریں، تاکہ جلد بہتری ممکن ہو سکے۔ وفاقی سیکریٹری برائے ماحولیاتی تبدیلی حسن ناصر جامعی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا، مضرِ صحت پلاسٹک بیگز پر پابندی بہترین اقدامات ہیں، جن سے پاکستان میں ماحولیاتی حوالوں سے بہتری لائی جا سکتی ہے، جبکہ ان کے نتائج جلد عوام کو بہتری کی صورت میں نظرآئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کے تحفظ کے حوالے سے تمام اداروں کو بیک وقت کام کرنا ہوگا۔ اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی کا کہنا تھا کہ ماحول دوستی کیلئے ہمیں اب ٹھوس اقدامات کو عملی جامہ پہنانا ہوگا، تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ ہوسکے۔
خبر کا کوڈ : 817182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب