QR CodeQR Code

حراست کے دوران مریم نواز کو سیاست چھوڑنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے، محمد زبیر

20 Sep 2019 09:58

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماء نے کہا کہ سب مانتے ہیں کہ نیب کا قانون ٹھیک ہونا چاہیے لیکن ڈیڑھ سال سے اسکے اطلاق کا بھی مسئلہ بنا ہوا، کابینہ نے اعتراف کیا ہے نیب کی وجہ سے معیشت سکڑ چکی ہے اور بیوروکریٹس فیصلہ نہیں کر رہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء محمد زبیر کے مطابق پارٹی کی مرکزی نائب صدر مریم نواز سے جیل میں غیرمتعلقہ سوال کیے جا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کی صاحبزادی سے قید کے دوران صرف سیاسی سوالات پوچھے جارہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ 42 دن قید کے دوران پوچھا گیا کہ آپ سیاست چھوڑ کیوں نہیں دیتی، آپ سیاست میں کیوں ہیں۔ محمد زبیر نے بتایا کہ مریم نواز پر جو الزام لگائے گئے اس کے متعلق ایک بھی سوال نہیں پوچھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی سے بھی اسی قسم کی تفتیش ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سمیت سب مانتے ہیں کہ احتساب ہونا چاہیے، لیکن سیاسی انتقام کا تاثر بھی نہیں دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون سے بالاتر نہیں ہے، اس ادارے کو بھی قوانین کی پاسداری کرنی ہوگی، اگر آپ گرفتار کرتے ہیں تو الزامات بھی ثابت کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب مانتے ہیں کہ نیب کا قانون ٹھیک ہونا چاہیے لیکن ڈیڑھ سال سے اسکے اطلاق کا بھی مسئلہ بنا ہوا۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نیب اپنی حدود پامال کر رہا ہے، کابینہ نے اعتراف کیا ہے نیب کی وجہ سے معیشت سکڑ چکی ہے اور بیوروکریٹس فیصلہ نہیں کر رہے۔
 


خبر کا کوڈ: 817229

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817229/حراست-کے-دوران-مریم-نواز-کو-سیاست-چھوڑنے-کا-مشورہ-دیا-جا-رہا-ہے-محمد-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org