QR CodeQR Code

سلامتی کونسل نے دوہرا معیار اختیار کر رکھا ہے، مسعود خان

20 Sep 2019 10:09

اسلام آباد میں ترکی کے بیس رکنی میڈیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی بحران کو ختم کرانے، نسل کشی کو رکوانے اور جنوبی ایشیاء میں جنگ کے خطرات کو ٹالنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی بحران کو ختم کرانے، نسل کشی کو رکوانے اور جنوبی ایشیاء میں جنگ کے خطرات کو ٹالنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے ذمہ دار اس فورم کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ایک اجلاس کر کے خاموش نہیں بیٹھ جانا چاہیے تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں جو صورتحال ہے وہ دنیا کے کسی اور خطے میں ہوتی تو سلامتی کونسل رات کے وقت یا اختتام ہفتہ اپنا اجلاس بلا کر اس پر غور کرتی لیکن بدقسمتی سے کشمیر کے معاملہ پر اس عالمی ادارہ نے دوہرا معیار اختیار کر رکھا ہے۔ یہ بات انہوں نے کشمیر ہاءوس اسلام آباد میں ترکی کے بیس رکنی میڈیا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم برادر اسلامی ملک ترکی کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جس نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کا اصولی اور انصاف پر مبنی موقف کی واضح، دو ٹوک اور غیر متزلزل انداز میں حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر جل رہا ہے، لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور علاقے کی اسی لاکھ آبادی گزشتہ پینتالیس دن سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے جہاں لوگوں کو خوراک اور ادوویات کی شدید ضرورت ہے لیکن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ممبران کے ہونٹ سلے ہوئے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ وہ اس کھلی ناانصافی پر بولنے سے قاصر ہیں۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت اس وقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے وہ نیو ورلڈ آرڈر کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔ بھارت کے ان اقدامات کا اگر نوٹس نہ لیا گیا تو جنوبی ایشیاء میں تباہ کن جنگ کو کوئی نہیں روک سکے گا اور اگر یہ جنگ ہوئی تو اس کی تباہ کاریوں سے دنیا کی ایک تہائی آبادی متاثر ہو گی۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اگرچہ عالمی میڈیا پانچ اگست کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے نہایت مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور اسی طرح عالمی سول سوسائٹی اور پارلیمانی قوتیں خاص طور پر برطانیہ اور یورپ کی پارلیمنٹس کا کردار بھی قابل ستائش ہے لیکن بااثر ممالک کی حکومتیں اپنے معاشی اور سیاسی مفادات کے پیش نظر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جو ایک المیہ سے کم نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 817233

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817233/سلامتی-کونسل-نے-دوہرا-معیار-اختیار-کر-رکھا-ہے-مسعود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org