QR CodeQR Code

وزیراعظم نے گلگت بلتستان کیلئے مالی و انتظامی پیکج کی منظوری دیدی

20 Sep 2019 10:36

اسلام ٹائمز: وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، اس مقصد کیلئے گلگت بلتستان کو اضافی ترقیاتی فنڈ دینے اور گلگت میں پاکستان ہائوسنگ منصوبے پر کام شروع کرنے کا اعلان بھی کیا جائیگا، کیونکہ گلگت میں سستے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے سروے مکمل ہوچکا ہے، اسکے علاوہ علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے آسان شرائط پر بلاسود قرضوں کا اجرا بھی پیکج کا حصہ ہے۔


رپورٹ: ایل اے انجم

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گلگت بلتستان کیلئے مالی اور انتظامی پیکج کی منظوری دیدی، پیکج کے تحت جی بی میں پانچ نئے اضلاع، اسمبلی نشستوں میں پانچ سے سات تک اضافہ اور ہیلتھ کارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔ پیکج کا اعلان وزیراعظم کے دورہ سکردو کے موقع پر کیا جائے گا، پیکج کی منظوری میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے اہم کردار ادا کیا ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم 4 اکتوبر کو سکردو کا دورہ کریں گے، جس کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، وزیراعظم دورے کے دوران گلگت بلتستان کے لئے پیکج کا اعلان کریں گے، جس کے تحت ساڑھے تین لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق صحت کارڈ کی تقسیم بلاامتیاز ہوگی اور اس میں کسی قسم کی تفریق نہیں رکھی جائے گی، صحت کارڈ کے ذریعے خطے کے عوام کو علاج معالجے کی سہولت ملے گی اور صحت کارڈ کے حامل افراد پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی علاج کراسکیں گے، جس کے اخراجات حکومت ادا کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورے کے دوران سکردو میں 500 بیڈ کے ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، ہسپتال کے تعمیراتی اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی، ہسپتال کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیر و تفریح کے لئے آنے والوں کے تحفظ اور مدد و رہنمائی کے لئے ٹورازم پولیس کے قیام کا اعلان بھی کیا جائے گا، ٹورازم پولیس کے قیام سے نہ صرف سیاحوں کی سکیورٹی کے حوالے سے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم گلگت بلتستان میں 5 نئے اضلاع کے قیام کا بھی اعلان کریں گے، واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں نئے اضلاع کے قیام کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر اضلاع کے قیام کے دعوے صرف باتوں تک محدود ہیں، نئے اضلاع کے قیام کے لئے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے وزیراعظم سے خصوصی طور پر منظوری حاصل کی ہے، نئے اضلاع کے قیام کے ساتھ ان کے لئے اسمبلی نشستوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

جی بی کی نون لیگ کی حکومت نے تین نئے اضلاع کے قیام کا اعلان کی تھا اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا، تاہم گورننس آرڈر میں ترمیم کے بغیر اضلاع کا قیام ناممکن ہے، آرڈر میں ترمیم کے حوالے سے سمری بھی وزارت امور کشمیر بھجوا دی گئی ہے، جس کی منظوری تاحال نہیں ملی۔ ذرائع کے مطابق نون لیگ کی حکومت نے قبل ازوقت نئے اضلاع کا اعلان کرکے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے ساتھ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو بھی مشکل میں ڈال دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی کے صوبائی قائدین نے گنڈا پور کے ذریعے وزیراعظم کو قائل کیا کہ نئے اضلاع کا اعلان چونکہ وفاقی سبجیکٹ ہے اور صوبائی حکومت نے قبل ازوقت اعلان کرکے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ہے، اس لیے یہ اعلان خود وزیراعظم کریں۔ اس طرح کریڈٹ بھی پی ٹی آئی کو ملے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے اضلاع کے لئے اسمبلی میں 5 سے 7 نشستیں مختص کی جائیں گی، اس کے ساتھ نئے اضلاع کے لئے انتظامی عہدیداروں کی تعیناتی کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور ہیں اور وزیراعظم کے دورے سے قبل ان کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، اس مقصد کے لئے گلگت بلتستان کو اضافی ترقیاتی فنڈ دینے اور گلگت میں پاکستان ہائوسنگ منصوبے پر کام شروع کرنے کا اعلان بھی کیا جائے گا، کیونکہ گلگت میں سستے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے سروے مکمل ہوچکا ہے، اس کے علاوہ علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے آسان شرائط پر بلاسود قرضوں کا اجرا بھی پیکج کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ اکتوبر کے مہینے میں جی بی میں وزیراعظم سمیت تین بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان آ رہے ہیں، اس دوران خطے میں سیاسی ہلچل میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم چار اکتوبر کو سکردو میں بڑا جلسہ کرینگے، اس جلسے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کے صوبائی قائدین سکردو میں تاریخی جلسہ کرنے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، کیونکہ حال ہی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بڑا جلسہ کیا تھا۔ بلاول کے اس سیاسی پریشر کو کم کرنے کیلئے عمران خان کے جلسے کو تاریخی بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اکتوبر کے وسط میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق بھی گلگت کا دورہ کر رہے ہیں، اس دوران وہ کشمیر بچائو ریلی کی قیادت بھی کرینگے۔ دوسری طرف اسلام آباد کے ممکنہ لاک ڈائون کے حوالے سے ڈرائونا خواب بننے والے مولانا فضل الرحمن بھی اکتوبر کے اوائل میں گلگت آئیں گے اور لاک ڈائون کے حوالے سے جی بی سے زیادہ سے زیادہ افراد کی شرکت یقینی بنانے کی کوششیں کرینگے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کو دورہ سکردو پر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سید جعفر شاہ نے قائل کیا ہے، اس سے پہلے اگست میں وزیراعظم کا دورہ گلگت عین وقت پر ملتوی ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے تحریک انصاف جی بی کو سیاسی طور پر کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔


خبر کا کوڈ: 817235

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817235/وزیراعظم-نے-گلگت-بلتستان-کیلئے-مالی-انتظامی-پیکج-کی-منظوری-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org