QR CodeQR Code

دیامر، کھنبری جنگلات میں آتشزدگی پر قابو پاتے ہی چلاس اور داریل میں دو جگہوں پر آگ بھڑک اٹھی

20 Sep 2019 10:52

داریل میں ڈبوٹ اور تھرلی منیار کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے، محکمہ جنگلات کے حکام اور مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ دیامر میں کنبھری جنگلات میں لگی آگ پر قابو پاتے ہی داریل میں ڈبوٹ اور  چلاس تھرلی منیار کے جنگلات میں بھی آگ لگ گئی، دو سے تین جگہوں پر آگ لگی ہوئی ہے، مقامی لوگ اور محکمہ جنگلات کے اہلکار آتشزدگی پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ادھر چلاس کے نواحی علاقہ تھرلی منیار کے جنگل میں بھی اچانک آگ بھڑک اُٹھی ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں درخت جل کر خاکستر بن گئے ہیں اور سینکڑوں فٹ عمارتی لکڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے، آگ کی زد میں آکر چلغوزہ کے درختوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، محکمہ فاریسٹ کے حکام آگ پر قابو پانے کیلئے جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوچکے ہیں اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشیش کر رہے ہیں، ڈبوٹ اور تھرلی منیار کے جنگلات سطح سمندر سے انتہائی بلندی اور دوری پر ہونے کی وجہ سے آگ پر بروقت قابو پانے میں عوام اور محکمہ جنگلات کے عملے کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، تاہم مقامی لوگ آگ پر قابو پانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اُدھر چار روز پہلے کھنبری کھرن کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ آتشزدگی کے پے درپے واقعات کے بعد ممکنہ تخریب کاری کے امکان پر بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 817242

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817242/دیامر-کھنبری-جنگلات-میں-ا-تشزدگی-پر-قابو-پاتے-ہی-چلاس-اور-داریل-دو-جگہوں-ا-گ-بھڑک-اٹھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org