0
Friday 20 Sep 2019 11:35

بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے زرعی ترقیاتی بنک اور جی بی حکومت میں معاہدہ

بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے زرعی ترقیاتی بنک اور جی بی حکومت میں معاہدہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان سے بیروزگاری کے خاتمے کے لئے جی بی حکومت اور زرعی ترقیاتی بنک کے مابین ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں، اس معاہدے کے تحت جی بی کے بے روزگار نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، قرضے کی رقم لائیو سٹاک کے شعبے میں استعمال کرنا لازمی قرار دی گئی ہے، لائیو سٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کر کے معاشی استحکام حاصل کرنے کے لئے نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، منصوبے کے تحت لائیو سٹاک کے شعبے میں فارمنگ کرنے والوں کے لئے زرعی ترقیاتی بنک بلاسود قرضے فراہم کرے گا اور سود کی ادائیگی صوبائی حکومت کرے گی۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور زرعی ترقیاتی بنک کے صدر، زمہ دار حکام اور سکیرٹری لائیو سٹاک جی بی میر وقار، سیکرٹری پلاننگ سید ابرار حسین اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

حکومت گلگت بلتستان اور زرعی ترقیاتی بنک کے اشتراک سے اس منصوبے کے تحت جی بی میں لائیو سٹاک کے شعبے میں فارمنگ کرنے والوں کو ایک ارب کے قرضے جاری ہوں گے، جس میں ڈیری فارمنگ کے لئے 500 فارمز، یاک کے 60 فارمز، بھیڑوں کے لئے 50 فارم، بکریوں کے 100فارمز، شتر مرغ کے 20 جبکہ 50 پولٹری فارمز کے لئے قرضے جاری کئے جائیں گے۔ اس منصوبے سے جہاں گلگت بلتستان سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا وہاں لائیو سٹاک کے شعبے میں ترقی کا ایک نیا سفر شروع ہوگا۔ وزیر اعلی جی بی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے بے روزگار نوجوان جو معاشی طور پر استحکام کے خواہشمند ہیں کے لئے اس منصوبے کا آغاز کیا ہے، اس منصوبے سے نوجوان استفادہ کریں اور نہ صرف اس سے ان کے لئے ایک اچھا معاشی موقع فراہم ہوگا بلکہ علاقے میں لائیو سٹاک کے شعبے میں بھی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 817259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے