0
Friday 20 Sep 2019 15:07

عمران خان کا کشمیر جا کر لڑنے سے روکنے کا بیان خوش آئند ہے، امریکہ

عمران خان کا کشمیر جا کر لڑنے سے روکنے کا بیان خوش آئند ہے، امریکہ
اسلام ٹائمز۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب دیے گئے واضح اور اہم بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان سے کشمیر جانے کئے خواہش مند افراد کو خبردار کیا تھا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2 روز قبل کہا تھا کہ جو کوئی مقبوضہ کشمیر میں جا کر لڑے گا وہ کشمیریوں پر ظلم کرے گا اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے گا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ کشمیر میں جاکر جہاد کرے گا تو وہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم کرے گا۔ اس بیان کا امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہر قسم کے دہشت گرد گروہوں کو ختم کرنے کا عزم خطے کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔

خیال رہے کہ ایلس ویلز کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالیں گے اور بھارت کے 5 اگست کے فیصلے کے حوالے سے بھارت کے قانونی اور اخلاقی دیوالیہ پن کا پردہ چاک کریں گے۔ دوسری جانب بھارتی سفارتکاروں نے صحافیوں کو بتایا کہ بھارتی وزیراعظم کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کریں گے بلکہ وہ نئی دہلی کے اسی موقف کو دہرائیں گے کہ پاکستان اس صورتحال کا فائدہ اٹھا کر وادی میں کشیدگی پیدا کرنے کے لیے عسکریت پسندوں کو بھیج سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان پہلے ہی یہ واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان اس قسم کی تمام سرگرمیوں کی مخالفت کرتا ہے اور عسکریت پسندوں کو موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھانے سے روکنے کے لے نظر رکھا ہوا ہے۔ اسلام آباد کو خوف ہے کہ بھارت خود دراندازوں کو استعمال کرکے کشمیر میں کوئی اشتعال انگیزی کر کے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرسکتا ہے۔ یاد رہے کہ پاک افغان سرحد طور خم بارڈر کے 24 گھنٹے کھلے رہنے کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ بھارت کو اس وقت کشمیر میں بہانہ چاہیے، وہاں اس نے 9 لاکھ فوج جمع کی ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے تھا کہا کہ پاکستان میں اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ کشمیر میں جاکر جہاد کرے گا تو وہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت بری طرح پھنسا ہوا ہے، بین الاقوامی برادری اس کے خلاف بیانات دے رہے ہیں، عالمی فورم پر دہائیوں بعد بات ہورہی ہے جس کی وجہ سے ان پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 817299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش