QR CodeQR Code

کراچی، تاجر برادری کا ایف بی آر کیخلاف کراچی تا اسلام آباد ٹرین مارچ کا اعلان

20 Sep 2019 22:35

12 اکتوبر سے اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے کا اعلان بھی کیا، جو مطالبات تسلیم ہونے تک جاری رہے گا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی تاجر برادری نے ایف بی آر کے خلاف 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ کرنے کا اعلان کر دیا، 12 اکتوبر سے اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دینے کا اعلان بھی کیا، جو مطالبات تسلیم ہونے تک جاری رہے گا۔ کراچی اور اندرون سندھ کی تمام مارکیٹوں میں احتجاجی طور پر سیاہ بنیرز آویزاں کیے جائیں گے اور 27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر جلسہ بھی کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین اور آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنماء جمیل پراچہ کی زیر صدارت کراچی میں تاجر رہنماﺅں کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر جمیل پراچہ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے متعدد بار اجلاسوں میں ہم نے مطالبات کیے کہ چھوٹے تاجروں کیلئے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرائی جائے، لیکن اس کے باوجود ایف بی آر نے تاجر برادری کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا، جس کی وجہ سے ہم مجبور ہوکر احتجاج کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔

جمیل پراچہ نے کہا کہ کراچی کے تاجر 27 ستمبر کو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی جلسہ کریں گے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد کی مارکیٹوں میں دکاندار اپنی دکانوں پر سیاہ بینر آوایزاں کریں گے، اس کے علاوہ 8 اکتوبر سے کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ شروع کیا جائے گا، جس کیلئے ملک بھرکی تاجر تنظیموں سے رابطہ کیا جائے گا اور انہیں بھی احتجاجی ریلی میں شریک کیا جائے، ٹرین مارچ میں شریک تاجر 11 یا 12 اکتوبر سے اسلام آباد میں ایف بی آر کے دفتر کے باہر دھرنا دیںگے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا اور مطالبات کے پورے ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو ایف بی آر نے احتجاج کرنے پر مجبور کیا ہے، ہم نے پہلے ہی روز سے ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کو کہا تھا کہ شناختی کارڈ کی شرط چھوٹے تاجروں کیلئے کالا قانون ہے، ہماری بات کو نظر انداز کیا گیا، ان حالات میں ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 817371

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817371/کراچی-تاجر-برادری-کا-ایف-بی-آر-کیخلاف-اسلام-آباد-ٹرین-مارچ-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org