QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا سے ڈینگی کے مزید 134 کیسز سامنے آگئے، تعداد 2 ہزار سے متجاوز

20 Sep 2019 23:54

محکمہ صحت نے تمام ضلعی صحت افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور سپرے کے ساتھ ساتھ تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ مختص کرنے اور دیگر انتظامات کا حکم دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس بے قابو ہوگیا ہے، ڈینگی کے 134 نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار سے متجاوز ہوگئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت نے صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2073 تک پہنچ گئی ہے، پشاور میں 64، ایبٹ آباد میں 13، ہری پور میں 12، لوئر دیر میں 8، مردان میں 9، بویر میں 2، مانسہرہ میں 17، جبکہ ڈی آئی خان میں 2 کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔ حکام کے مطابق نئے کیسز کے ساتھ پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1300 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت نے تمام ضلعی صحت افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور سپرے کے ساتھ ساتھ تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ مختص کرنے اور دیگر انتظامات کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں رواں سال کے دوران اب تک 8 ہزار 933 سے زائد ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 16 افراد اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 817377

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817377/خیبر-پختونخوا-سے-ڈینگی-کے-مزید-134-کیسز-سامنے-آگئے-تعداد-2-ہزار-متجاوز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org